Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عثمان شنواری کے انتقال کی افواہ: ’میری پوری فیملی کو لوگ کالیں کررہے ہیں‘

عثمان شنواری نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں۔ (فائل فوٹو: ایے ایف پی)
اتوار کو صبح سے پاکستانی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اور افواہ گردش کررہی ہے جس کے مطابق ایک کرکٹ میچ کے دوران کرکٹر عثمان شنواری زمین پر گرے جنہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا اور وہ وہاں انتقال کرگئے۔
یہ ویڈیو اور خبر ٹویٹ کرنے والے نے یہ بات واضح نہیں کی کہ انتقال کرجانے والے عثمان شنواری وہ عثمان شنواری نہیں جو پاکستانی ٹیم اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز کے لیے کھیلتے ہیں۔
کرکٹ میچ کی یہ ویڈیو اور خبر سب سے پہلے ایک ٹوئٹر صارف طاہر جمیل خان کی جانب سے شیئر کی گئی تھی اور انہوں نے ساتھ لکھا تھا کہ برگر پینٹس اور فارائزلینڈ کے درمیان میچ کے دوران عثمان شنواری دل کے دورے کے باعث زمین پر گر گئے اور انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔
کئی صارفین نے اس افواہ کے منظر عام پر آنے کے بعد یہ کہا کہ جن کا انتقال ہوا ہے وہ ایک کلب کرکٹر عثمان شنواری ہیں جو کہ ایک ٹورنامنٹ کے درمیان چل بسے ہیں۔
سپورٹس رپورٹر فیضان لاکھانی نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’یہ کوئی اور عثمان شنواری ہیں۔ وہ نہیں جنہیں آپ جانتے ہیں۔‘

یہ معاملہ اتنا آگے بڑھا کہ عثمان شنواری کے گھر والوں کو کالیں آنا شروع ہوگئیں۔
عثمان شنواری نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ’میں بالکل ٹھیک ہوں اللہ کا شکر ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’میری پوری فیملی کو لوگ کالیں کررہے ہیں۔ نہایت احترام کے ساتھ (کہنا چاہوں گا) کہ اتنی بڑی خبر چلانے سے پہلے تصدیق کرلیا کریں۔‘

شیئر: