بنگلہ دیش میں ہندو یاتریوں سے بھری کشتی الٹ گئی، 24 ہلاک
اتوار 25 ستمبر 2022 16:22
پولیس کے مطابق ’مرنے والوں میں سے اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
بنگلہ دیش میں ہندو یاتریوں کو لے جانے والی ایک کشتی ڈوبنے سے 24 افراد ہلاک جبکہ تقریبا اتنے ہی لاپتا ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ کشتی میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے۔
مقامی پولیس افسر شفیق الاسلام نے بتایا کہ ’ریسکیو ورکرز اور غوطہ خور مزید لاشوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں میں سے اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے۔
پولیس کے مطابق کشتی میں 50 افراد سوار تھے۔
ہندو یاتری شمالی بنگلہ دیش میں بوڈا نامی قصبے کے قریب کاروتوا دریا کے درمیان واقع صدیوں پرانے ایک مندر کی طرف جا رہے تھے جب ان کی کشتی اچانک الٹ کر ڈوب گئی۔
ایک اور پولیس اہلکار کے مطابق تاحال 25 افراد لاپتا ہیں۔
مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دس افراد کو بچا لیا گیا جن کو ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
مقامی نیوز چینل پر نشر کی گئی فوٹیج میں دکھایا گیا کہ لوگوں سے بھری ہوئی کشتی اچانک الٹ گئی اور مسافر دریا کے گدلے پانی میں گر گئے۔
حادثے کی جگہ سے 20 میٹر دور کنارے پر کھڑے لوگ کشتی کو الٹتے دیکھ کر شور مچانا شروع ہوئے۔ حادثے کے وقت موسم صاف تھا اور دریا میں طغیانی نہیں تھی۔
مسلم اکثریتی آبادی کے ملک بنگلہ دیش میں ہر سال ہزاروں ہندو یاتری بودیشواری مندر میں پوجا کرنے جاتے ہیں۔