ہم مختلف پروگرام تخلیق کر کے سعودیوں کو سائیکلنگ سکھانا چاہتے ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں سپورٹس اور دیگر سرگرمیوں کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے، ایسے میں لوگ متحرک رہنے کے لئے پُرجوش طور طریقے تلاش کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب میں خواتین بھی حالیہ برسوںمیں آنے والی اس نئی لہر سے محظوظ ہو رہی ہیں جو انہیں صحتمند طرز زندگی کے مواقع فراہم کرتی ہے۔
پیدل سفر، کھلی فضا میں یوگا اور فٹبال وغیرہ مقبول انتخاب ہیں تاہم گئے وقتوں کا ایک کم مقبول تفریحی مشغلہ سائیکلنگ ہے جس کی مقبولیت میں اب اضافہ ہو رہا ہے۔
سعودی ٹور اینڈ جنرل سپورٹس اتھارٹی کے زیر اہتمام 2018 میں جدہ میں ہونے والی خواتین سائیکلنگ ریس جیسے کامیاب ایونٹس نے سپورٹس میں دلچسپی کو مزید بڑھایا ہے۔
تحقیقی مطالعوں سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ سائیکلنگ سے مجموعی صحت بہتر ہوتی ہے۔ خاص طور پر ذہنی صحت میں بہتری پیدا ہوتی ہے، جسم کا مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے، وزن میں کمی کا سلسلہ فروغ پاتا ہے، دل کے مرض، سرطان اور دیگر عوارض میں کمیہوتی ہے۔
جب آپ کسی چوٹ یا مرض سے شفا یاب ہورہے ہوں تو سائیکل کی سواری تندرستی کی جانب لوٹنے کے آسان ترین طریقوں میں سے ایک ہے۔
ریاض میں سائیکلنگ کے شوقین افراد کا ایک گروپ’’ ڈوویز رائیڈ‘‘ اپنے پیغام کو پھیلانے کا ارادہ رکھتا ہے اور لوگوں کو سائیکلنگ کے صحتمند فوائد اور اس لطف سے مزید آگہی فراہم کرنا چاہتا ہے جو سائیکل چلانے سے حاصل ہوتا ہے۔
ڈوویز رائیڈ سعودی عرب کی پہلی پیشہ ور انہ سائیکلنگ ٹیم ہے جو مقامی اور بین الاقوامی دونوں سطحوں پر لائسنس یافتہ ہے۔
’ڈوویز رائیڈ‘‘ کی بانی اور سائیکلنگ کی پیشہ ور ٹرینر شہد الترکی نے ایک گفتگو کے دوران سائیکلنگ ٹیم تشکیل دینے کے مقاصد بیان کئے۔
انہوں نے کہاکہ میں خواتین اور فیملیز کے لئے ایسا ماحول تشکیل دینا چاہتی تھی جس میں وہ سپورٹس میں حصہ لے سکیں۔ اس لئے میں نے ’’ ڈوویز رائیڈ‘‘ کی بنیاد رکھی۔
میرا مقصد ایک ایسی ٹیم تیار کرنا تھا جو سعودی معاشرے کو سائیکلنگ شروع کرنے کے لئے متحرک کر سکے نیز کھیل اور حرکت کے بارے میں آگہی کو فروغ دے سکے۔ ہم مختلف پروگرام تخلیق کر کے سعودیوں کو سائیکلنگ سکھانا بھی چاہتے تھے۔
شہد الترکی نے کہا کہ خواہ کوئی سائیکلنگ کے لئے طویل مدتی رکنیت حاصل کرنے کی غرض سے رجوع کرے یا محض اس شوق کو آزمانا چاہتا ہو ہم حصہ لینے والے ہر سطح کے لوگوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنہیں سائیکل سواری کا بالکل بھی تجربہ نہیں، ان کے لئے بھی ہمارے پاس خصوصی کورسز اور کوچ ہیں۔ اس حوالے سے ہم برطانوی سائیکلنگ فیڈریشن کے لائسنس یافتہ ہیں۔ ہم سائیکلنگ سیکھنے کے خواہشمند بچوں، خواتین اور حضرات سب کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
ڈوویز رائڈر سے ان کے انسٹاگرام اکاونٹس یا ٹوئٹر اکاونٹ پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔