کسان اتحاد سے مذاکرات ناکام، ’خواتین اور بچے احتجاج کے مقام سے دور رہیں‘
کسان اتحاد سے مذاکرات ناکام، ’خواتین اور بچے احتجاج کے مقام سے دور رہیں‘
ہفتہ 1 اکتوبر 2022 14:46
اسلام آباد میں کسان اتحاد کے رہنماؤں کے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سے مذاکرات کے بعد پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے تازہ دم دستے احتجاج کے مقام خیابان چوک میں پہنچ گئے ہیں۔
سنیچر کی سہ پہر اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ’خیابان چوک میں احتجاج کے لیے موجود کسان اتحاد کے مظاہرین درختوں سے شاخیں توڑ کر لاٹھیاں بنا رہے ہیں اور پتھر بھی اکھٹے کیے ہیں۔‘
پولیس نے کہا ہے کہ عورتوں اور بچوں سے گزارش ہے کہ اس طرف (خیابان چوک) کا رخ نہ کریں۔ کسی کو بھی کاروبار زندگی میں خلل ڈالنے اور توڑ پھوڑ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔‘
بیان کے مطابق ’پولیس کے تازہ دم دستے خیابان چوک پہنچ گئے۔ ایف سی کی بھاری نفری بھی خیابان چوک میں موجود ہے۔ قیدی لے جانے والی گاڑیاں اور ایمبو لینس بھی خیابان چوک پہنچا دی گئی ہیں۔‘
ڈی آئی جی آپریشنز، ایس ایس پی آپریشنز اور ضلعی انتظامیہ کے افسران موقع پر موجود ہیں۔
پولیس نے کہا ہے کہ مظاہرین کی قیادت چیئرمین خالد باٹھ اور جنرل سیکریٹری عمر امین کر رہے ہیں۔ ’اگر مظاہرین نے پیش قدمی کی کوشش کی تو انہیں منتشر کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔‘
ادھر وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ کسانوں کا دھرنا بلا جواز ہے۔ ’آج کسان اتحاد سے ملاقات میں ان کو صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔‘
وزیر داخلہ نے کہا کہ زرعی ٹیوب ویل کے بجلی کے بلوں میں کمی کے لیے کابینہ کی قائم کمیٹی کام کر رہی ہے۔ ’حکومت کسانوں کے جائز مطالبات کو سنجیدہ لے رہی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ احتجاج اور دھرنا بلا جواز ہے۔ ’ریڈ زون ریڈ لائن ہے۔ کسان یا کسی بھی گروہ یا جماعت کو ریڈ زون میں احتجاج یا دھرنے کے اجازت نہیں۔ ریڈ زون کی طرف مارچ کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔‘
دوسری جانب کسان اتحاد کے رہنما سمیع اللہ چٹھہ کے مطابق حکومت اور کسان اتحاد کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔
اردو نیوز کے نامہ نگار زبیر علی خان سے گفتگو کرتے ہوئے کسان اتحاد کے رہنما نے کہا کہ ’حکومت نے مطالبات کی منظوری کے لیے وقت مانگا ہے لیکن ہم نے پچھلی بار بھی حکومت کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کیا تھا، اب دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا۔‘
انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کی ناکامی کے بعد اب مشاورت ہو رہی ہے جس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا تاہم دھرنا جاری رہے گا۔