آٹھ ماہ کے دوران 9.1 ملین غیرملکی سیاحوں کی دبئی آمد
سب سے زیادہ انڈیا سے سیاحوں نے دبئی کا رخ کیا ہے( فوٹو امارات الیوم)
دبئی کے محکمہ معیشت و سیاحت نے کہا ہے کہ ’سال رواں کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران 9.1 ملین غیرملکی سیاح آئے دبئی پہنچے ہیں‘۔
’2021 کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران 3.2 ملین سیاح آئے تھے۔ اس سال یہ تعداد 184 فیصد سے زیادہ رہی‘۔
الامارات الیوم کے مطابق اگست کے دوران 10 لاکھ سیاح دبئی آئے۔ جنوری اور اگست کے دوران جتنے سیاح آئے ان کی تعداد کورونا وبا سے قبل اس مدت کے دوران دبئی آنے والے سیاحوں کے برابر ہے۔
دبئی محکمہ معیشت و سیاحت نے بتایا کہ ’جنوری اور اگست 2022 کے دوران سب سے زیادہ انڈیا سے سیاحوں نے دبئی کا رخ کیا۔ ان کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ سلطنت عمان سے 9 لاکھ 83 ہزار، سعودی عرب سے 8 لاکھ 23 ہزار اور برطانیہ سے6 لاکھ 47 ہزار سیاح پہنچے ہیں‘۔
’روس سے 3 لاکھ 95 ہزار،امریکہ سے 3 لاکھ 49 ہزار، پاکستان سے 2 لاکھ 53 ہزار، فرانس سے 2 لاکھ 53 ہزار، جرمنی سے 2 لاکھ 47 ہزار جبکہ ایران سے دو لاکھ 13 ہزارسیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی ہے‘۔