مادھوری ڈکشٹ کا ممبئی میں 48 کروڑ روپے کا فلیٹ
جمعرات 6 اکتوبر 2022 6:17
مادھوری ڈکشٹ نے فلیٹ کو خریدنے کے لیے دو کروڑ 40 لاکھ روپے کا بیعانہ ادا کردیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
نوے کی دہائی میں بالی وُڈ پر راج کرنے والی اداکارہ مادھوری ڈکشٹ نے ممبئی میں نیا فلیٹ خرید لیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کی ویب سائٹ کے مطابق مادھوری ڈکشٹ نے یہ فلیٹ 48 کروڑ روپے میں خریدا ہے۔
یہ فلیٹ ممبئی کے پوش علاقے میں واقع ہے جہاں سے سمندر کا خوب صورت نظارہ کیا جا سکتا ہے۔
مادھوری ڈکشٹ کا یہ نیا فلیٹ 5 ہزار 384 مربع فٹ پر مشتمل ہے۔
بالی وُڈ کی چندرمکھی کا یہ فلیٹ ممبئی کی مہنگی ہاؤسنگ سوسائٹی لوئر پیرل میں واقع ہے جہاں سے پورے شہر سمیت سمندر کا نظارہ بھی ہوسکتا ہے۔
مادھوری ڈکشٹ نے اس فلیٹ کو خریدنے کے لیے دو کروڑ 40 لاکھ روپے کا بیعانہ ادا کر دیا ہے۔
مادھوری ڈکشٹ کا شمار بالی وُڈ کی کامیاب ترین اداکارؤں میں ہوتا ہے۔
انہوں نے دیوداس، ہم آپ کے ہیں کون، دل تو پاگل ہے، ساجن، کھل نائیک اور بیٹا جیسی سُپر ہٹ فلمیں دی ہیں۔
بڑے پردے کے بعد مادھوری ڈکشٹ اب سٹریمنگ پلیٹ فارم پر بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے کے لیے تیار ہیں۔
اسی سلسلے میں مادھوری ڈکشٹ کی فیملی ڈرامہ نوعیت کی نئی فلم ’مجا ما‘ جمعرات کے روز ایمیزون پرائم پر ریلیز ہو رہی ہے۔
ان کی ریلیز ہونے والی آخری فلم ’کلنک‘ باکس آفس پر فلاپ رہی تھی۔
مادھوری ڈکشٹ گذشتہ کئی برسوں سے انڈین ٹی وی چینلز پر ڈانس شوز میں بطور جج نظر آرہی ہیں۔