ریاض میں تیز رفتار گاڑی پل کے نیچے گزرنے والی دوسری گاڑی پر جا گری، ایک ہلاک
سعودی دارالحکومت میں جامعہ الیمامہ کے پل پر حادثہ پیش آیا ہے( فوٹو سکرین شاٹ)
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک گاڑی پل کے نیچے سے گزرنے والی دوسری گاڑی پر جاگری۔ ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
ریاض ٹریفک پولیس نے بیان میں کہا کہ’ دارالحکومت میں جامعہ الیمامہ کے پل پر حادثہ پیش آیا۔ ایک گاڑی اپنی لین سے ہٹ پل کے نیچے کنگ فہد روڈ سے گزرنے والی دوسری گاڑی پر جاگری‘۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ٹوئٹر پر بیان میں کہا گیا کہ ’ریاض پولیس نے ٹریفک حادثے کے حوالے سے قانونی کارروائی کرلی۔ زخمیوں کو ضروری علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کرادیا گیا‘۔
سوشل میڈیا پر گاڑی کے پل سے نیچے گرنے کی وڈیو وائرل ہے۔ عام خیال یہی ہے کہ حادثہ حد سے زیادہ رفتار سے ڈرائیونگ کے باعث پیش آیا۔
وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ’ ایک جیپ پل کے اوپر سے نیچے گری۔ کنگ فہد روڈ سے گزرنے والی گاڑی تباہ ہوگئی۔ ڈرائیور موقع پر ہلاک ہوگیا‘۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ’ زیادہ تر حادثات تیز رفتار ڈرائیونگ یا گاڑی چلاتے ہوئے موبائل کے استعمال کی وجہ سے ہورہے ہیں‘۔