الدرعیہ سیزن: دوسرے ایڈیشن کا آغاز 20 اکتوبر سے، ثقافتی و تفریحی سرگرمیاں
الدرعیہ سیزن: دوسرے ایڈیشن کا آغاز 20 اکتوبر سے، ثقافتی و تفریحی سرگرمیاں
منگل 11 اکتوبر 2022 5:30
’سیزن سے مملکت کی سیاحتی صنعت کو فروغ ملنے کی توقع ہے‘ ( فوٹو: سیدتی)
سعودی عرب میں الدرعیہ سیزن کے منتظمین کا کہنا ہے کہ دوسرے ایڈیشن کا آغاز 20 اکتوبر سے ہو رہا ہے جس میں سپورٹس، ثقافت اور تفریحی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
عرب نیوز کے مطابق اس سال کا سیزن 22 فروری کو ختم ہو جائے گا۔ توقع ہے کہ اس سے مملکت کی سیاحتی صنعت کو فروغ ملے گا جو بڑی تعداد میں مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کو راغب کرے گی اور نوجوان سعودیوں کے لیے ہزاروں ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
الدرعیہ سیزن کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل کا کہنا ہے کہ ’ہمیں الدرعیہ سیزن 2022 کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، جس میں ایک عظیم قدیم تاریخی ورثے اور جغرافیے کی خصوصیات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2019 کے ایونٹ جس میں فارمولا ای ریس اور ورلڈ ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپئن شپ شامل تھی، کی کامیابی کے بعد حکومت نے ایک بار پھر ایسا پروگرام منعقد کرنے کا ارادہ کیا ہے۔
شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے کہا کہ ’میں مملکت کے اندر اور باہر سے تمام شائقین کو اس سیزن میں شرکت کرنے اور لطف اندوز ہونے کی دعوت دیتا ہوں۔‘
الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو جیری اینزیلو نے کہا کہ الدرعیہ علاقائی اور بین الاقوامی تقریبات کی میزبانی کے لیے ایک مثالی مقام ہے۔
ا نہوں نے کہا کہ ’ہم نئے سیزن میں پوری دنیا سے بڑی تعداد میں وزیٹرز کو دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔ ہم سپورٹس اور تفریحی تجربات کے لیے وزیٹرز کو مطمئن کرنے کے منتظر ہیں۔‘
واضح رہے کہ الدرعیہ کا گذشتہ سیزن 196 قومی اور بین الاقوامی کھلاڑیوں، چار عالمی سپورٹس ایونٹس اور 16 اعلیٰ لائیو میوزک پرفارمرز کے ساتھ ایک ماہ تک جاری رہا تھا۔
الدرعیہ کے گذشتہ سیزن میں 63 ممالک کے 30 لاکھ سے زیادہ وزیٹرز نے شرکت کی تھی اور اس کے نتیجے میں سعودی نوجوانوں کے لیے 15 ہزار ملازمتیں پیدا ہوئی تھیں۔