Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں مندر کی تعمیر 'رواداری اور بقائے باہمی' کی مثال ہے

ثقافت کا زیادہ اشتراک رہے گا اور دونوں ملکوں کے تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔ فوٹو عرب نیوز
متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی میں ہندوؤں کے سب سے بڑے مندر کی تعمیر  پر کام جاری ہونے کے بعد اب  دبئی میں ایک قدیم مندر کی توسیع کے بعد گذشتہ دنوں دوبارہ  افتتاح کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں  ہندوستان کے سفیر اور یہاں مقیم  ہندوستانیوں اور دیگرغیر ملکیوں کا کہنا ہے کہ یہاں مندر کی  تعمیر 'رواداری کی چمکتی ہوئی مثال' ہے۔
مئی میں ہندوستان اور یو اے ای کے مابین جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کے ساتھ ہی دوونوں ممالک کے مابین تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں تقریباً 3.5 ملین ہندوستانی رہ رہے ہیں اور کام کر رہے ہیں۔دبئی میں  ہندو کمیونٹی کے لیے بنایا گیا یہ  پہلا مندر تھا جو 1950 کی دہائی میں کھولا گیا تھا۔
حال ہی میں مقامی حکام کی طرف سے عطیہ کردہ 15 ایکڑ اراضی سے اس  مندر میں توسیع کی گئی ہے  اور رواں ماہ کے آغازمیں  امارات کے وزیر رواداری شیخ نہیان بن مبارک نے اس کا دوبارہ افتتاح کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں ہندوستان کےسفیر  سنجے سدھیر نے بتایا ہے کہ  حقیقت یہ ہے کہ دبئی حکومت نے  مندر کے لیے زمین فراہم کی ہے اور شیخ نہیان کی بطور مہمان خصوصی موجودگی اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ یہاں کی ہندوستانی کمیونٹی آرام دہ ہے۔

ابوظہبی میں زیر تعمیر مندر کا سنگ بنیاد 2019 میں رکھا گیا۔ فوٹو انسٹاگرام

مندر اس حقیقت کی علامت ہے کہ یہاں کی ہندوستانی برادری اسے اپنے   گھر کی طرح محسوس کرتی ہے۔
واضح رہے کہ ہندو مذہب  کے لیے وقف  اس عمارت کو مذہبی مقاصد کےعلاوہ علمی مرکز کے طور پر بھی استعمال کیا جائے گا  جو تمام عقائد کے افراد کے لیے کھلا رہے گا۔
توسیع شدہ مندر کی کمیٹی کے رکن  راجو شراف جو اپنے خاندان کے ساتھ پہلے بھی مندر کے انتظامات دیکھ رہے تھے انہوں نے کہا ہے کہ یہ مندر ہندوستان اور خلیجی ریاست کے درمیان ثقافتی تعلقات مضبوط بنانے میں مدد کرے گا۔
راجو نے کہا ہے کہ ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کاروباری اور سیاسی تعلقات  ہمیشہ اہم رہے ہیں اور اب یہ ثقافتی بھی ہوں گئے ہیں۔

عمارت علمی مرکز کے طور پر تمام عقائد کے افراد کے لیے کھلا رہے گا۔ فوٹو انسٹاگرام

اب ہماری ثقافت اور خیالات کا زیادہ اشتراک رہے گا جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ  ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے سب سے بڑے  زیر تعمیر مندر کے افتتاح کے بعد ان تعلقات میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ ابوظہبی میں27 ایکڑ اراضی پر زیر تعمیر مندر کا سنگ بنیاد 2019 میں رکھا گیا جس میں یواے ای کے تین وزراء نے شرکت کی اور حکومت نے اسے رواداری کے سال کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔
مندر کمیٹی کے رکن پرناو ہری کرشن دیسائی کا کہنا ہے کہ یو اے ای رواداری اور بقائے باہمی کی روشن مثال ہے۔ یہاں جس سطح کی حمایت اور احترام ملتا ہے ہمیں اس پیغام کو ہندوستان میں کمیونٹی کے اراکین تک پہنچانے کے لیے حوصلہ افزائی ملتی ہے۔

شیئر: