فرینکفرٹ بک فیئر:عرب فنکاروں کی سوانح عمریوں کی رونمائی
اتوار 23 اکتوبر 2022 16:29
کتاب میں میں ام کلثوم کی جانب سے گانے کے لیے نظموں کے انتخاب کی وجوہات پر روشنی ڈالی گئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
فرینکفرٹ کتاب میلہ 2022 میں موسیقی سے متعلق کتابوں کی سیریز میں مصری گلوکارہ ام کلثوم کی سوانح عمری بھی شامل ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ام کلثوم کی سوانح عمری ابوظبی کے شعبہ ثقافت و سیاحت کے تحت کام کرنے والے ابوظبی عریبک لینگوئج (اے ایل سی)سنٹر نے لانچ کی ہے۔
موسیقی سے متعلق کتابوں کی سیریز میں اے ایل سی اماراتی اور عرب موسیقی پر مطبوعات شامل ہیں۔
اس سیریز میں ابراہیم الہاشمی کی تصنیف کردہ کتابوں میں عید الفرج اور ابراہیم جمعہ کی سوانح عمریاں شامل ہیں۔
علاوہ ازیں ایک کتاب ایسی بھی شامل ہے جس میں ام کلثوم کی جانب سے گانے کے لیے نظموں کے انتخاب کی وجوہات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
ڈاکٹر احمد یوسف علی کی کتاب ’ام کلثوم، شاعری اور گلوکاری‘ میں گلوکارہ کے عربی شاعری سے تعلق کو بیان کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے ام کلثوم نے اپنے عہد کے عظیم عرب شعراء کے کلام کو کس طرح لافانی انداز میں گایا ہے۔
عرب موسیقی سے متعلق کتابوں کی تقریب رونمائی میں اے ایل سی کے چیئرمین ڈاکٹر علی بن تمیم، قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر حمدان التنیجی اور شائقین کتب نے شرکت کی۔
اس موقعے پر حمدان التنیجی کا کہنا تھا کہ ’ابو ظبی عریبک لینگوئج سنٹر عربی زبان کے فروغ کے لیے ہونے والی تخلیقی کاوشوں کو بڑھانا جاری رکھے گا اور مصنفین کا تعاون بھی کرتا رہے گا۔‘
’ہم نے اس بار موسیقی کی جو کتابیں رونمائی کے لیے پیش کی ہیں ۔ یہ اس خطے میں موسیقی اور گلوکاری کے شعبے کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہیں۔‘
’یہ پہلا موقع ہے کہ امارات کے موسیقی کے اولین لوگوں کی سوانح عمریاں بھی سامنے لائی گئی ہیں۔‘