Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر پیر کو ریاض پہنچ گئے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر وزیراعظم شہباز شریف کا خیر مقدم کیا۔
وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خزانہ اسحق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب موجود ہیں۔
سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر امیر خرم راٹھور اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی بھی خیرمقدم کےلیے ایئر پورٹ پر موجود تھے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم سعودی عرب کا دو روزہ دورہ سعودی ولی وعہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر کر رہے ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔
قبل ازیں پیر کو اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا تھا کہ ’میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو سمٹ میں شرکت کے لیے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر آج سعودی عرب روانہ ہو رہا ہوں۔ عالمی معیشت کی موجودہ حالت  اضطراب پر قابو پانے اور نئی راہیں استوار کرنے کے لیے نئی سوچ اور جرات مندانہ وژن کی ضرورت ہے۔‘
پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سعودی ولی عہد سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شعبے میں کثیر جہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دیرینہ برادرانہ تعلقات میں مزید بہتری کے حوالے سے مشاورت کریں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزاعظم منتخب ہونے کے بعد اپنا پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا کیا تھا جس کے دوران ان کی سعودی قیادت بشمول شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقاتیں ہوئی تھیں۔

شیئر: