Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل، نیا نام کیا ہوگا؟

نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل کر کے اب نیشنل بینک کرکٹ ایرینا رکھ دیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کراچی میں واقع نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل کردیا ہے۔
منگل کے روز پی سی بی کی جانب سے پریس ریلیز جاری کی گئی ہے جس میں یہ بتایا گیا ہے کہ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل کر کے اب نیشنل بینک کرکٹ ایرینا رکھ دیا گیا ہے۔
نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کا نام نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) اور پی سی بی کے درمیان ہونے والے معاہدے کے بعد تبدیل کیا گیا ہے۔
نیشنل بینک کرکٹ ایرینا پاکستان کا پہلا کرکٹ سٹیڈیم ہے جس کا نام کمرشل پارٹنر کے اشتراک کے بعد تبدیل کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق نام کی سپانسرشپ کے علاوہ پی سی بی اور این بی پی مشترکہ طور پر گراس رُوٹ لیول اور خصوصی طور پر دیہی علاقوں میں کرکٹ کے فروغ پر بھی کام کریں گے۔
اس سلسلے میں پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا کہ ’این بی پی کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ اشتراک ایک شاندار بات ہے، یہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ معتبر ادارے پاکستان کرکٹ برینڈ کے ساتھ اپنی تعلق بنانا چاہتے ہیں، میں نیشنل بینک آف پاکستان کا اس بات پر بھی مشکور ہوں کہ انہوں نے پی سی بی پاتھ ویز پروگرام میں ہماری سپورٹ کی ہے۔‘
خیال رہے کہ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ پاکستان اور انڈیا کے درمیان 1955 میں کھیلا گیا تھا، جبکہ اس سٹیڈیم میں ہونے والا آخری ٹیسٹ میچ 2022 میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا تھا۔

شیئر: