ایلون مسک کی ٹوئٹر کو 43.4 ارب ڈالرز میں خریدنے کی پیش کش
ایلون مسک کی ٹوئٹر کو 43.4 ارب ڈالرز میں خریدنے کی پیش کش
جمعرات 14 اپریل 2022 18:07
پیش کش میں کمپنی کی کل مالیت 43 ارب 40 کروڑ ڈالر لگائی گئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی کار ساز کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے ٹوئٹر کے 100 فیصد شیئرز خریدنے کی پیش کش کردی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سٹاک ایکسچینج میں فائل کی گئی نوٹس کے مطابق ایلون مسک نے 54.20 ڈالر فی شیئر آفر دی ہے جو کہ رواں سال جنوری 28 کی فی شیئر کلوزنگ قیمت سے 54 فیصد زیادہ ہے۔
ٹوئٹر نے ایلون مسک کی جانب سے کمپنی خریدنے کی پیش کش کی تصدیق کی ہے۔ ایلون مسک کی جانب سے دی گئی پیش کش میں کمپنی کی کل مالیت 43 ارب اور 40 کروڑ ڈالرز لگائی گئی ہے۔
سوشل میڈیا کمپنی کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر بورڈ ٹیسلا چیف کی جانب سے ’غیرمطلوب اور کسی پابندی کے بغیر‘ پیش کش کی جانچ کرے گا۔
کمپنی کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ٹوئٹر بورڈ آف ڈائریکٹرز اس تجویز کا جائزہ لے گا تاکہ ایسے لائحہ عمل کا تعین کیا جاسکے جو ٹوئٹر اور اس کے سٹیک ہولڈرز کے بہترین مفاد میں ہو۔‘
خیال رہے کہ 11 اپریل کو ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹیو پراگ اگروال نے کہا تھا کہ ان کی کمپنی کے سب سے زیادہ حصص رکھنے والے ایلون مسک کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایلون مسک نے جو خود کو آزادی اظہار رائے کا سب سے بڑا علم بردار کہتے ہیں اور ٹوئٹر کو تنقید کا نشانہ بناتے رہتے ہیں، چار اپریل کو انکشاف کیا تھا کہ ان کے پاس ٹوئٹر کے 9.1 فیصد حصص ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں بہتری لانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔‘
ایلون مسک نے سنیچر کو بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل ہونا تھا جس کے بعد وہ 14.9 فیصد سے زیادہ حصص نہ خرید پاتے۔
تاہم پراگ اگروال نے ایک ٹویٹ میں بتایا تھا کہ ’اُسی صبح ایلون مسک نے کہا کہ وہ بورڈ میں شامل نہیں ہوں گے۔‘
’مجھے یقین ہے کہ یہ بہتری کے لیے ہے۔ ہم اپنے شیئر ہولڈرز کی تجاویز کو ہمیشہ اہمیت دیتے ہیں چاہے وہ بورڈ میں ہوں یا نہ ہوں۔ ایلون ہمارے سب سے بڑے شیئر ہولڈر ہیں اور ہم ان کی تجاویز کا خیرمقدم کریں گے۔‘
ایلون مسک نے اپنے اس فیصلے کا اظہار ٹوئٹر پر چہرے پر ہاتھ رکھے ایموجی سے کیا تھا جب کہ ان کی کمپنی ٹیسلا نے اس حوالے سے کسی سوال کا جواب نہیں دیا تھا۔
ٹوئٹر سے وابستہ ذرائع نے روئٹرز کو بتایا تھا کہ ایلون مسک کے بورڈ میں شامل ہونے کی خبر نے کمپنی کے کچھ ملازمین میں بے چینی پیدا کردی تھی۔