کراچی میں بچوں کے اغوا کی افواہ، ہجوم نے دو افراد کو تشدد کرکے ہلاک کردیا
جمعہ 28 اکتوبر 2022 13:16
زین علی -اردو نیوز، کراچی
کراچی کے ضلع کیماڑی میں بچوں کے اغوا کاروں کی موجودگی کی افواہ پھیلنے کے بعد ہجوم نے ایک ٹیلی کام کمپنی کے دو ملازمین کو تشدد کرکے ہلاک کردیا ہے۔
ضلع کیماڑی سینیئر سپر انٹینڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) فدا حسین جانوری کے مطابق یہ پرتشدد واقعہ جمعے کی صبح مچھر کالونی کے علاقے پیش آیا جب ہجوم نے دونوں افراد کو مارنے کے بعد ان کی گاڑی کو بھی آگ لگادی۔
جائے وقوعہ پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ابھی تک جو حقائق سامنے آئے ہیں اس سے یہ لگتا ہے کہ یہ دونوں کسی ٹیلی کام کمپنی کے ملازمین تھے اور یہاں سگنل چیک کرنے کے لیے آئے تھے۔‘
انہوں نے واقعے کی مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’یہ ایک پسماندہ علاقہ ہے اور یہاں اچانک یہ افواہ پھیلائی گئی کہ یہ دونوں افراد یہاں پر بچوں کو اغوا کررہے تھے اور ہجوم نے پھر ان پر حملہ کردیا۔‘
پولیس افسر کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور مقدمے کے اندراج کے بعد اس حملے میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔
پولیس نے مرنے والوں کی شناخت انجینیئر ایمن جاوید اور ڈرائیور اسحاق کے نام سے کی ہے اور یہ دونوں جاز کمپنی کے ملازمین تھے۔