Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاسپورٹ فیس کی آن لائن ادائیگی، پاکستان بھر میں سہولت کا آغاز

آن لائن فیس ادائیگی نا قابل واپسی اور ناقابل انتقال قرار دی گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان بھر میں پاسپورٹ کے حصول کے لیے آن لائن فیس ادائیگی کی سہولت کا آغا ز کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بذریعہ ایپ فیس ادائیگی ابتدائی طور پر راولپنڈی، اسلام آباد اور لاہور میں متعارف کرائی گئی تھی، لیکن اب ملک کے دیگر صارفین بھی اس سہولت سے مستفید ہوسکتے ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مطابق شہری آن لائن فیس ادائیگی کے لیے ’پاسپورٹ فیس آسان‘ کے نام سے متعارف ایپ گوگل پلے سٹور سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں، ایپ میں فیس ادائیگی کے لیے تمام مراحل کا آسان طریقہ کار متعارف کرایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہری بینک کی لمبی لائنوں میں لگنے کے بجائے گھر بیٹھے فیس ادائیگی کے بعد اپنی تصویر اورکوائف کے اندراج پر مبنی کارروائی مکمل کراسکتے ہیں۔ ایپ کے ذریعے انٹر نیٹ بینکنگ، موبائل ایپلیکیشنز، اے ٹی ایمز اور برانچ یا برانچ لیس بینکنگ دستیاب ہے۔ آن لائن فیس ادائیگی نا قابل واپسی اور ناقابل انتقال قرار دی گئی ہے۔ 
فیس جمع کرانے کا طریقہ کار کیا ہوگا؟  
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مطابق پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کے لیے پاسپورٹ فیس آسان ایپ انسٹال کرنی ہوگی۔ ایپلیکشن میں پاسپورٹ ای پیمنٹ کا انتخاب کرنا ہوگا، پاسپورٹ کیٹیگری اور ایپلیکشن کی قسم کے انتخاب کے بعد پاسپورٹ کی فیس جاننے کے لیے ترجیح، صفات کی تعداد اور معیاد کا انتخاب کرنا ہوگا۔
اس کے بعد اپنی ذاتی معلومات درج کرنا ہوں گی۔ اس میں ریجنل پاسپورٹ سائیٹ، درخواست گزار کا نام، قومی شناختی کارڈ نمبر، ای میل ایڈریس اور رابطہ نمبر شامل ہے۔ اس عمل کو مکمل کرنے کے بعد جنریٹ پی ایس آئی ڈی پر کلک کرنا ہوگا اور اس آئی ڈی کو اپنے پاس محفوظ کرنا ہوگا۔ اپنے موبائل بینکنگ اکاؤنٹ پر یا کسی بھی درج ذیل ادائیگی کے مقام پر اس پی ایس آئی ڈی کی بنیاد پر رقم کی ادائیگی کرنی ہوگی۔ اور پاسپورٹ کی فیس ادا ہوجائے گی۔ 
فیس ادائیگی کی تصدیق کیسے ہوگی؟  
 فیس کی ادائیگی کی تصدیق کے لیے آسان ایپ پر پی ایس آئی ڈی درج کر کے فیس کی ادائیگی کی تصدیق کی جاسکتی ہے۔  

شیئر: