Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں بچے نے ڈسنے والے کوبرا کو دانتوں سے کاٹ کر مار ڈالا

سانپ بچے کے بازو کے گرد لپٹ گیا اور دانت گاڑ دیے (فوٹو: پکسابے)
انڈیا کی ریاست چھتیس گڑھ میں بچے نے ڈسنے والے کوبرا سانپ کو دانتوں سے کاٹ کر ہلاک کر دیا۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق چھتیس گڑھ کے علاقے جیش پور میں آٹھ سالہ دیپک اپنے گھر کے پیچھے میدان میں کھیل رہا تھا کہ اس دوران کہیں سے کوبرا نکل آیا اور تیزی سے بچے طرف بڑھتے ہی بازو سے لپٹ گیا۔
دیپک نے گھبرا کر الگ کرنے کی کوشش کی تاہم اس کی گرفت ڈھیلی نہیں ہوئی، اس دوران ہی کوبرا نے اسے بازو میں دانت گاڑ دیے۔
بچے کو شدید درد کا احساس ہوا تاہم وہ کوشش کے باوجود اس کو اپنے جسم سے الگ نہیں کر پا رہا تھا۔ اسی وقت بقا کے لیے ردعمل کی جبلت حرکت میں آئی اور اس نے بازو اوپر اٹھا کر سانپ کو دو تین بار دانتوں سے کاٹا۔
اس سے سانپ کی گرفت پہلے سخت ہوئی اور پھر ڈھیلی پڑتی چلی گئی۔
تھوڑی دیر بعد سانپ نیچے گر گیا کیونکہ وہ بے جان ہو چکا تھا۔
دیپک نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ ’سانپ نے میرے بازو کو لپیٹ میں لے لیا تھا اور دو بار دانت گوشت میں پیوست کیے، یہ سب کچھ بہت تیزی میں ہوا۔‘
بعدازاں جب اس نے اپنے والدین کو سانپ کے کاٹنے کے بارے میں بتایا تو اسے فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا، جہاں اسے زہرکش ادویات دی گئیں اور ایک روز تک داخل رکھا گیا۔
تاہم بعدازاں ڈاکٹروں نے اس کو ’ڈرائی بائٹ‘ قرار دیا جس کا مطلب زہر کے بغیر زخم ہوتا ہے۔
ان کے مطابق دیپک کے جسم میں زہر داخل نہیں ہوا تھا کیونکہ دانت گاڑنے کے بعد سانپ زہر انجیکٹ کرتا ہے تاہم اس سے قبل ہی بچے نے دانتوں سے اس پر حملہ کر کے اس قابل نہیں چھوڑا کہ وہ زہر آگے بڑھا پاتا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس کے بعد ڈاکٹروں نے بچے کو بالکل تندرست قرار دیتے ہوئے ہسپتال سے فارغ کر دیا۔

شیئر: