جدہ: تنخواہ نہ ملنے پرباب شریف میں 50صفائی کارکنوں نے کام روک دیا
جدہ: جدہ کے تجارتی علاقہ باب شریف میں تنخواہ نہ ملنے پر 50صفائی کارکنوں نے کام روک دیا۔ صفائی کارکنوں کو گزشتہ 5ماہ سے تنخواہ نہیں ملی جس کی وجہ سے باب شریف میں 20دن سے کوڑا اٹھایا نہیں جارہا۔ صفائی کارکنوں کے احتجاج کی وجہ سے باب شریف میں گندگی کا ڈھیر لگ گیا ہے جس کے باعث پورے علاقہ میں تعفن اور بدبو پھیل گئی ہے۔ رہائشیوں کے علاوہ دکانداروں نے شکایت کی ہے کہ پورے محلے میں مچھر اور چوہوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔ تاجروں نے کہا ہے کہ بدبو اور تعفن کی وجہ سے کاروبار انتہائی متاثر ہوگیاہے۔ تاجروں نے کہا ہے کہ صفائی کارکنوں کے مسائل جلد حل کئے جائیں ورنہ انہیں شدید نقصان ہوگا۔ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ساتھ ان کے کاروبار میں اضافہ ہونا چاہئے مگر صورت حال بالکل برعکس ہے۔صفائی کارکنوں نے المدینہ اخبار کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں 5ماہ سے تنخواہ نہیں ملی جس کے باعث انہیں انتہائی پریشانی کا سامنا ہے۔دریں اثناء صفائی کارکنوں کے احتجاج پر تبصرہ کرنے کے لئے جدہ میونسپلٹی کو مکتوب روانہ کیا گیا مگر جدہ میونسپلٹی کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔