Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ منورہ: شادی کی تقریب سے واپسی پر گاڑی الٹ گئی، خاتون اور دو بچے ہلاک

لاوارث اونٹ سڑک پر آگیا،  بچنے کی کوشش میں حادثہ پیش آیا( فوٹو عکاظ)
سعودی عرب میں مدینہ منورہ اور مھد الذھب کمشنری کو جوڑنے والے قریضہ روڈ پر ٹریفک حادثے میں حاملہ خاتون اور دو بچے ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ’حادثے کے وقت گاڑی فیملی کا سربراہ چلا رہا تھا۔ اچانک لاوارث اونٹ سڑک پر آگیا۔ اس سے بچنے کی کوشش میں گاڑی الٹ گئی۔ متاثرہ خاندان کا تعلق یمن سے ہے‘۔
’حاملہ خاتون جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ گئی جبکہ ایک بچہ المھد جنرل ہسپتال ایمرجنسی وارڈ پہنچنے پر زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔ دوسرا بچہ مدینہ  منورہ کے کنگ فہد ہسپتال میں جان کی بازی ہار گیا‘۔ 
 بتایا گیا ہے کہ ’8 افراد پر مشتمل خاندان بیشہ میں متوفی خاتون کے بھائی کی شادی میں شرکت کے بعد مدینہ منورہ واپس آرہا تھا‘۔ 
ادارہ صحت کے ترجمان عبدالرحمن حمودۃ نے بتایا کہ ٹریفک حادثے میں متاثرین کو المھد جنرل ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل کرایا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ’ہلال احمر کی ایمبولینسوں کے ذریعے 8 زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا گیا۔ ان میں سے تین کی حالت نازک تھی جنہیں مدینہ منورہ کے کنگ فہد ہسپتال منتقل کردیا گیا‘۔
ادارہ صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ’ دیگر پانچ زخمیوں کا المھد جنرل ہسپتال میں علاج جاری ہے۔ کنگ فہد جنرل ہسپتال میں ایک زخمی کی حالت نازک ہے‘۔
یاد رہے کہ قریضہ، المھد، مدینہ منورہ روڈ پر آئے دن حادثات ہوتے رہتے ہیں۔ چند روز قبل ایک نوجوان جو شادی کے لیے جارہا تھا حادثے کا شکار ہوگیا تھا۔

شیئر: