ورلڈ کپ فائنل: ’وہ میرے نصیب کی بارشیں کدھر گئیں‘
اتوار 13 نومبر 2022 12:23
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ٹی20 میں پاکستان نے انگلینڈ کو 138 رنز کا ہدف دیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اتوار کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل کا موقع تھا۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو کچھ شائقین نے ’نصف میچ چلا گیا‘ کا تبصرہ کیا لیکن باقی کرکٹ فینز اس تاثر کو ’قبل ازوقت‘ قرار دے کر مطمئن دکھائی دیے۔
پاکستانی بیٹنگ شروع ہوئی اور میچ آگے بڑھا تو ابتدا میں نسبتاً کم سکور نے فینز کا اضطراب بڑھانا شروع کیا۔ محمد رضوان بیٹنگ میں ردھم حاصل کرنے کے بعد ان سائیڈ ایج پر وکٹ کھو بیٹھے تو ون ڈاؤن آنے والے محمد حارث اور پھر افتخار احمد بھی توقعات پر پورا نہ اترے۔
اسی دوران کپتان بابراعظم عادل رشید کی گگلی کو بیک فٹ پر کھیلنے کی کوشش میں وکٹ گنوا کر لوٹے تو ٹیم کی بیٹنگ مزید دباؤ میں آ گئی۔
ابتدائی 14 اوورز میں پاکستانی بیٹنگ نے 34 ڈاٹ بالز کھیلیں تو کئی افراد نے تبصرہ کیا کہ ٹیم نے فائنل جیسے اہم میچ میں بیٹنگ کے چھ اوورز ضائع کر ڈالے ہیں۔
میچ سے قبل 92 کے ورلڈ کپ سے مماثلت ڈھونڈتی ٹائم لائنز نے گفتگو کا انداز بدلا تو پہلے انفرادی اور پھر مجموعی بیٹنگ پر تنقید کا سلسلہ شروع ہوا۔
کچھ ٹویپس کو فوری تنقید کا انداز نہ بھایا تو گراؤنڈ کا بڑا ہونا، بارش کے بعد کی آؤٹ فیلڈ اور پچ کی صورتحال بتا کر یہ موقف اپنایا کہ اس میں بلے بازوں کا زیادہ قصور نہیں ہے۔

میچ کے دوران میلبرن سٹیڈیم کا حال بتاتے ٹویپس ’پاکستانی جھنڈا تھامے ایک انڈین فین‘ کی تصویر بھی نکال لائے جس کے ساتھ لکھا گیا کہ ’انڈین بھی پاکستان کو سپورٹ کررہے ہیں۔‘

2009 کا ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ شاہد خان آفریدی نے اپنی ٹویٹ میں موجودہ ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ لوگوں نے آنے والے وقتوں میں اپنے اور پوری قوم کے لیے خوشگوار یادوں کا ایک اور موقع پیدا کیا ہے۔‘

پاکستان اور انگلینڈ ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں تیسری مرتبہ مدمقابل ہیں۔ اس سے قبل دونوں میچ انگلش ٹیم کے نام رہے ہیں۔