Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عمران خان کے زخموں کو دیکھ لیں‘، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل

ویڈیو کے ساتھ تبصرہ کرنے والی آواز عمران خان کی صحت یابی کے لیے دُعا کی اپیل بھی کر رہی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ٹانگ پر لگنے والی گولیوں کے بعد اُن کے زخموں کی ویڈیو جاری کی گئی ہے۔
پیر کو سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دکھایا جا رہا ہے کہ عمران خان کی ٹانگ پر پٹی تبدیل کی جا رہی ہے۔
ویڈیو کے ساتھ تبصرہ کرتے ہوئے بتایا جا رہا ہے کہ ’ڈاکٹر جب صبح پٹی تبدیل کرنے آئے تو اُس وقت یہ ویڈیو کلپ بنایا گیا تاکہ عمران خان کے چاہنے والوں کو دکھایا جا سکے۔‘
ویڈیو کے ساتھ تبصرہ کرنے والی آواز عمران خان کی صحت یابی کے لیے دُعا کی اپیل بھی کر رہی ہے۔
محمد احمد پنسوٹا نامی ایک وکیل نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’اُن تمام افراد کے لیے جو عمران خان کے زخمی ہونے کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ براہ کرم خود ان گولیوں کے زخموں کو دیکھ لیں۔‘
تحریک انصاف سے منسلک سندھ اسمبلی کی سابق رکن ڈاکٹر سیما ضیا نے بھی عمران خان کی ٹانگ کے زخموں کی ویڈیو شیئر کر کے اُن کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔
متعدد سوشل میڈیا صارفین نے لکھا کہ مخالفین کے پروپیگنڈے کی وجہ سے عمران خان کو اپنے زخموں کی ویڈیو جاری کرنا پڑی ہے۔
تحریک انصاف کے لاہور سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے دوران عمران خان کے کنٹینر پر وزیرآباد کے قریب فائرنگ کی گئی تھی۔
تین نومبر کو پیش آنے والے اس واقعے کے بعد عمران خان کو علاج کے لیے لاہور کے شوکت خانم کینسر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

شیئر: