لکی مروت میں پولیس کی گاڑی پر حملہ، چھ اہلکار ہلاک
پولیس اہلکاروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ (فائل فوٹو: کے پی پولیس)
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس کی گاڑی پر عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے چھ اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بدھ کو تھانہ ڈاڈیوالہ کی حدود میں پیش آیا۔
ہلاک ہونے والوں میں پولیس سٹیشن کے انچارج اور ڈرائیور سمیت چھ اہلکار شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق پولیس کی گاڑی معمول کے گشت پر تھی جب حملہ ہوا۔
پولیس کی مزید نفری طلب کر لی گئی ہے۔ حکام کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے وزیراعلٰی محمود خان نے کہا ہے کہ ’یہ واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ شہدا کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔‘
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پولیس کا کردار قابل فخر ہے۔
’خیبرپختونخوا کی حکومت پولیس اہلکاروں کے لیے پیکج کا اعلان کرے۔‘
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹری اور آئی جی سے رپورٹ طلب کی ہے۔
حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔