کویتی پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ’ قتل اورغیر قانونی اسلحہ رکھنے کا الزام ثابت ہوجانے پر دو خواتین سمیت سات افراد کو موت کی سزا دے دی گئی ہے‘۔
اخبار 24 کے مطابق کویتی پبلک پراسیکیوشن نے بتایا کہ ’اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ نےسزائے موت کی توثیق کی تھی۔ امیر کویت کی جانب سے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا حکم جاری ہوگیا تھا جسے بدھ کو دارالحکومت کی سینٹرل جیل میں نافذ کردیا گیا‘۔
پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ’ جن سات افراد کو موت کی سزا دی گئی ان میں سے 4 کا تعلق کویت، ایک ایک کا پاکستان، شام اور ایتھوپیا سے ہے‘۔
’تمام پر جان بوجھ کر قتل، غیر قانونی اسلحہ اور بارود جمع کرنے کے الزام ثابت ہوگئے تھے۔ ملزمان نے رہائشی علاقے میں ہتھیار استعمال کیے تھے۔ ان پر نشہ کرنے اور نشے کی حالت میں پبلک مقام پر گاڑی چلانے کے الزامات بھی تھے‘۔
بیان کے مطابق ’سزائے موت کے قیدیوں میں دو خواتین شامل تھیں۔ ایک کا تعلق کویت اور دوسری کا ایتھوپیا سے ہے۔ ان پر اغوا، چوری کے علاوہ بدکاری کے بھی الزامات تھے‘۔