Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرحدی ضوابط توڑنے والوں کی سہولت کاری پر 15 برس قید اور بھاری جرمانے کی سزا

سعودی عرب کی بارڈر سیکیورٹی سسٹم کی خلاف ورزی کا شمار بڑے جرائم میں ہوتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی جنرل سکیورٹی (الأمن العام) نے سعودی بارڈر سکیورٹی سسٹم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے سہولت کاروں لیے مقرر کردہ سزاؤں کی وضاحت کی ہے۔
سعودی جریدے ’سبق‘ کے مطابق کے مطابق ’الأمن العام‘ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے سرحدی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو مملکت میں داخل ہونے میں مدد فراہم کرنے، ان کو سفری سہولیات یا ٹھکانہ فراہم کرنے والوں کو قید کی سزا کے ساتھ ان پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔
’الأمن العام‘ نے کہا کہ سرحدی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کی کسی بھی قسم کی مدد کرنے والے کو 15 برس تک قید اور 10 لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔
علاوہ ازیں ایسے افراد کی سہولت کاری میں استعمال ہونے والی اشیاء (گاڑی یا انہیں ٹھکانہ فراہم کرنے جگہ وغیرہ)  بھی ضبط کر لی جائیں گی۔
’الأمن العام‘ نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ ’بارڈر سیکیورٹی سسٹم کی خلاف ورزی کا شمار بڑے جرائم میں ہوتا ہے جسے روکنا لازم ہے اور یہ اعتماد توڑنے کے مترادف ہے۔‘
بارڈر سکیورٹی سسٹم کی کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع مکہ اور ریاض میں ٹیلی فون نمبر 911 پر جبکہ دیگر صوبوں میں 999 پر دی جا سکتی ہے۔

شیئر: