Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ کے ہوٹلوں میں پکا ہوا گوشت اب تول کر فروخت ہوگا

میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی سے گوشت کے نرخ متاثر نہیں ہوں گے( فوٹو اخبار 24)
مکہ مکرمہ کے قائم مقام میئر صالح الترکی نے ریستورانوں میں پکائے گئے گوشت کو فی پلیٹ کے بجائے وزن کر کے فروخت کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق مکہ مکرمہ کے ریستورانوں اور کیٹرنگ میں گوشت فروخت کرنے کا وہ طریقہ کار جو ایک عرصے سے جاری تھا تبدیل کر دیا گیا ہے۔
اب تک پکا ہوا گوشت فی پلیٹ فروخت کیا جا رہا تھا، آئندہ وزن کر کے فروخت کیا جائے گا۔ 
میئر صالح الترکی نے بتایا کہ یہ تبدیلی صارفین کی جانب سے ریستورانوں اور کیٹرنگ مالکان کے خلاف ان شکایات پر کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ ’ریستورانوں اور کیٹرنگ سروس میں گوشت کی پلیٹ میں مقدار کم کر دی گئی ہے۔ مختلف ہوٹلوں میں گوشت کی مقدار یکساں نہیں ہوتی۔‘
سیکریٹری میونسپلٹی انجینیئر عبداللہ الزایدی نے بتایا کہ دنیا کے بیشتر ملکوں میں پکا ہوا گوشت تول کر ہی فروخت ہوتا ہے۔
مکہ میونسپلٹی نے ریستورانوں اور کیٹرنگ کرنے والی کمپنیوں کے مالکان و منتظمین سے کہا ہے کہ ’وہ گاہکوں کے حقوق کا تحفظ کریں۔ پکا ہوا گوشت تول کرفروخت کریں۔ فی پلیٹ  قیمت وصول نہ کی جائے۔‘
مکہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ ’اس تبدیلی سے پکے ہوئے گوشت کے نرخ متاثر نہیں ہوں گے۔‘
میونسپلٹی نے مقامی شہریوں، غیرملکیوں اور زائرین سے کہا ہے کہ ’اگر کسی ریستوران یا کیٹرنگ سروس کی طرف سے پکا ہوا گوشت وزن کے بجائے فی پلیٹ فروخت کیا جا رہا ہو تو اس کی رپورٹ کریں۔‘
میونسپلٹی نے فیصلے پر عمل درآمد اور آگہی کے لیے ریستورانوں کو تین ماہ کی مہلت دی ہے۔ مہلت ختم ہونے پر فیصلے پر عمل درآمد لازمی ہو گا۔‘ 

شیئر: