نئی فوجی قیادت، لاہور میں کروڑوں روپے کی چوری اور افغان خاتون صحافی کا جانے سے انکار سمیت پاکستان میں گذشتہ ہفتے کی اہم خبریں
نئی فوجی قیادت، لاہور میں کروڑوں روپے کی چوری اور افغان خاتون صحافی کا جانے سے انکار سمیت پاکستان میں گذشتہ ہفتے کی اہم خبریں
ہفتہ 26 نومبر 2022 0:16
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دنیا کے بڑے بزنس بنانے والی کرکٹ ٹیم کو ہرایا ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان میں گذشتہ ہفتے آرمی کی قیادت میں تبدیلی، جنرل قمر جاوید باجوہ کا الوداعی خطاب، پاکستان میں مقیم افغان صحافیوں کو درپیش مشکلات، لاہور میں اورنج لائن ٹرین سے ڈرون کا ٹکرانا اور لاہور میں ہی ہونے والی ایک بینک ڈکیتی جیسی خبریں قارئین کی توجہ کا مرکز رہیں۔
پاکستان کے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کون ہیں؟
راولپنڈی کے علاقے ڈھیری حسن آباد سے تعلق رکھنے والے جنرل عاصم منیر پاکستان کی فوج کے اُن افسران میں سے ہیں جو آفیسر ٹریننگ سکول (او ٹی ایس) کے ذریعے آرمی آفیسر بنے۔ ان کا تعلق منگلا کے سترھویں او ٹی ایس کورس سے ہے۔
’جنرل عاصم منیر ایک لائق طالب علم تھے اور جب وہ 1974 میں میرے والد صاحب کے مدرسے میں قرآن مجید حفظ کرنے آئے تو انہوں نے صرف دو سال کے اندر قرآن حفظ کرکے اپنی ذہانت ثابت کر دی تھی۔‘
یہ کہنا ہے جنگ گروپ سے منسلک سینیئر صحافی حافظ طاہر خلیل کا جن کے والد حافظ خلیل احمد جنرل عاصم منیر کے اُستاد تھے۔
جنرل عاصم منیر کے والد سید سرور منیر راولپنڈی کے علاقے لال کڑتی کے سکول میں پرنسپل تھے۔ انہوں نے اپنے محلے میں مسجد بنوائی جہاں حافظ خلیل قران پڑھانے جایا کرتے تھے۔
’خواب دفنا کر آئی ہوں، افغانستان واپس نہیں جاؤں گی‘
’میرے لیے یہ فیصلہ کرنا بہت مشکل تھا کہ میں اپنا ملک، اپنی زمین چھوڑ کر ہمیشہ ہمیشہ کے لیے کسی دوسرے ملک روانہ ہوں۔ میرے سارے خواب اور میری 20 سال کی محنت اپنے ملک میں تھی اور اپنے ملک کے لیے تھی۔ لیکن اب میں کبھی بھی واپس افغانستان نہیں جانا چاہتی۔‘
یہ کہنا ہے افغانستان سے تعلق رکھنے والی خاتون صحافی ترینا راشدی کا جو ان دنوں پاکستان میں جلا وطنی کی زندگی گزار رہی ہیں۔ محدود ویزہ ہونے، اگلے کسی ملک کا ویزہ نہ لگنے اور ایک سال سے مسلسل بے رزگاری نے ان کے لیے کئی مشکلات پیدا کر دی ہیں۔
ترینا راشدی اکیلی افغان صحافی نہیں ہیں بلکہ افغان صحافیوں کے تحفظ اور حقوق کے لیے پاکستان میں کام کرنے والی تنظیم بائٹس فار آل کے پروگرام مینجر امجد قمر کے مطابق طالبان کی جانب سے اقتدار پر قبضے کے بعد جو افغان صحافی پاکستان آئے ان میں سے 250 سے 300 صحافی اب بھی پاکستان میں موجود ہیں جن میں اکثریت کے ویزے یا تو ختم ہو چکے ہیں یا پھر ان کے پاس سرے سے ویزہ موجود ہی نہیں اور وہ عارضی دستاویزات پر پاکستان پہنچے تھے۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا، ’سرکاری فارم میں وارث کی جگہ اپنی رجمنٹ کا نام لکھ دیا‘
جنرل ساحر شمشاد مرزا کو پاکستان کی فوج کا چئیرمین جوائنٹس چیف آف سٹاف کمیٹی مقرر کیا گیا ہے۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا کی شخصیت کے حوالے سے میجر جنرل ریٹائرڈ اعجاز اعوان کہتے ہیں کہ وہ خالصتاً ’جینٹلمین‘ ہیں۔
’اگر میں ان کے سروس پروفائل کو دیکھتے ہوئے بات کروں تو وہ ٹاپ آف دی لائن ہیں۔ ایک سیزینڈ جینٹلمین آفیسر اور ڈے ٹو ڈے لائف میں انتہائی پروفیشنل ہیں۔‘
ایک سینیئر ریٹائرڈ فوجی افسر، جن کے زیرِکمان جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کیریئر کا ابتدائی سفر طے کیا اور جو ان کو فوج میں داخلے کے پہلے دن سے جانتے ہیں، نے اردو نیوز کو بتایا کہ وہ اپنے ہم عصروں سے بہت زیادہ محنتی اور قابل ہیں۔
لاہور میں کروڑوں روپے کی چوری، لُوٹنے والا کوئی اور نہیں بلکہ۔۔۔
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں پولیس نے ایک کاروباری شخص کی تجوری سے کروڑوں روپے چوری کی واردات کو چار گھنٹے میں حل کر لیا۔ پولیس کے مطابق چور کوئی اور نہیں بلکہ کاروباری شخص کا اپنا سگا بڑا بھائی تھا۔
تفتیشی افسر کے مطابق افتخار نے جڑانوالہ سے دو جرائم پیشہ افراد کو دس دس لاکھ کے عوض اپنے سگے بھائی سے چوری کو راضی کیا تھا۔ اور پولیس نے انہیں افتخار کے گھر سے ہی گرفتار کیا۔
جھوٹا بیانیہ بنا کر اب اس سے راہِ فرار اختیار کی جا رہی ہے: آرمی چیف
پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ’گذشتہ سال آرمی نے سیاست میں مداخلت نہ کرنے کا فیصلہ کیا، لیکن اس کے باوجود کچھ سیاسی لوگوں نے پاکستان آرمی کے خلاف نامناسب پروپیگنڈا مہم چلائی۔‘
بدھ کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں ’یوم شہدا‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ’سنہ 2018 کے عام انتخابات میں بعض پارٹیوں نے آر ٹی ایس کا بہانہ بنا کر ایک پارٹی کو سلیکٹڈ کا لقب دیا اور 2022 میں تحریک عدم اعتماد کے بعد ایک پارٹی نے امپورٹڈ حکومت کا خطاب دیا۔‘
قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ’ہر پارٹی میں فتح و شکست قبول کرنے کا حوصلہ ہونا چاہیے تاکہ آئندہ الیکشن میں ’امپورٹڈ‘ اور ’سلیکٹڈ‘ کے بجائے منتخب حکومت آئے۔‘
اورنج لائن ٹرین سے ٹکرانے والا چینی ساخت کا ’ڈرون‘ لاہور میں کیسے پہنچا؟
چند روز قبل لاہور کے ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے میں ایک ڈرون اورنج لائن ٹرین کے پل سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا تھا۔ ڈرون کے گرنے سے کوئی نقصان تو نہیں تاہم اس کی بلا اجازت نامہ لاہور میں موجودگی اور اڑائے جانے پر کئی سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔
پولیس نے نہ صرف اس ڈرون کی باقیات کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے بلکہ اس کا مالک بھی حراست میں ہے۔ اور اس بات کی چھان بین کی جا رہی ہے کہ یہ ڈرون لاہور میں کیسے پہنچا۔
اردو نیوز کو دستیاب معلومات کے مطابق یہ ڈرون ایک چینی کمپنی کا تیار کردہ ہے اور اس کا آفیشل نام ’ینگڈا سکائی وہیل‘ ہے۔ اس جدید ترین ڈرون کی قیمت اس کو بنانے والی کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق تقریبا 18 ہزار امریکی ڈالر ہے۔
’پاکستان انڈیا میں ورلڈ کپ نہیں کھیلے گا تو دیکھے گا کون؟‘
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ ’اگر پاکستان آئندہ برس انڈیا میں شیڈول ورلڈکپ میں شرکت نہیں کرے گا تو دیکھے گا کون؟‘
اسلام آباد میں جمعرات کی شب ایک تقریب کے دوران اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ ’ہمارا دو ٹوک موقف ہے وہ (انڈین ٹیم) آئیں گے تو ہی ہم ورلڈکپ میں جائیں گے نہیں آئے تو کروا لیں پھر ورلڈکپ ہمارے بغیر۔‘