Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹریفک حادثہ، سعودی خاندان کے سات افراد ہلاک ہوئے، ایک لڑکی بچ گئی

سعودی خاندان ابھا سے الرین وادی الدواسر روڈ کے راستے ریاض جارہا تھا( فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب کے ریاض ریجن میں الرین، وادی الدواسر روڈ پر ٹریفک حادثے کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
مرنے والوں میں ایک خاندان کے7 افراد اور فلپائنی خادمہ شامل ہے جبکہ تیرہ سالہ لڑکی حادثے میں محفوظ رہی۔
خاندان کا سربراہ انجینیئر محمد ابراہیم السعید رجال المع کمشنری کا رہائشی تھا۔ ابھا سے الرین وادی الدواسر روڈ سے ریاض جارہے تھے۔
مرنے والی خاتون کے بھائی ڈاکٹر عائض السعید نے کہا کہ ’خاندان کے لیے صبر مشکل ہورہا ہے۔ سفر سے  قبل خاندان کے تمام افراد جمع ہوئے تھے اور خوش تھے۔ حادثے میں میری بہن، اس کا شوہر، دو بیٹیاں اور تین بیٹے ہلاک ہوئے۔ بچوں کی عمریں سولہ سے پانچ سال کے درمیان تھی‘۔
ڈاکٹر عائض السعید نے بتایا کہ’ میری ایک بھانجی 18 سالہ ندی حادثے میں زندہ بچی ہے جو شدید تصادم کےباعث گاڑی سے دور جاکر گری تھی۔ وہ حادثے کے وقت سوئی ہوئی تھی۔ اس کی آنکھ اس وقت کھلی جب وہ جلتی ہوئی گاڑی کے برابر میں پڑی تھی‘۔
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے حادثے ایک عینی شاہد سلطان المسردی نے بتایا کہ ’حادثہ خوفناک تھا۔ جو کچھ دیکھا وہ ڈراؤنی فلموں جیسے مناظر جیسا تھا۔ اس کے اظہار سے انسان قاصر ہے‘۔
سلطان المسردی نے بتایا کہ’ اپنی بہن کے ہمراہ والدہ سے ملنے تثلیث شہر جارہا تھا کہ اچانک سڑک کے  کنارے آگ کے شعلے دیکھے اور دھماکے کی آواز سنی فوری طور پر فاصلے پر گاڑی پارک کی اور جائے وقوعہ کے قریب پہنچا‘۔
 ’گاڑی سے شعلے اٹھ رہے تھے۔ گاڑی کے قریب ایک لڑکی موجود تھی۔ وہ روتے ہوئے پوچھ رہی تھی کہ میں کہاں ہوں، میرے رشتہ دار کہاں ہیں۔ خوف کے عالم میں اپنے ہوش و حواس کھوئے ہوئے تھی‘۔ 

ایک عینی شاہد نے بتایا حادثہ خوفناک تھا جو کچھ دیکھا وہ ڈراؤنی فلموں جیسے مناظر جیسا تھا(فوٹو اخبار 24)

سلطان المسردی نے کہا کہ’ اسی دوران دوسری گاڑی میں پھنسے ہوئے ایک انڈین کو بچانے اور گاڑی سے نکالنے کی کوشش میں کامیابی ہوئی جبکہ سعودی ڈرائیور کو گاڑی سے نکالنے کی کوششیں ناکام رہیں‘۔
’میں نے اتنا بھیانک منظر اپنی زندگی میں نہیں دیکھا۔ گاڑی میں موجود لوگ جل رہے تھے اور وہاں موجود افراد مدد کےلیے کچھ بھی کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھے‘۔
سعودی ہلال احمر نے بتایا کہ’ ریاض ریجن میں کنٹرول اینڈ کمانڈ روم کو مقامی شہری نے اطلاع دی تھی کہ الرین الوادی دواسر روڈ پر دو گاڑیوں میں تصادم ہوا ہے۔ واقعہ المنیص بستی کے قریب پیش آیا‘۔
ہلال احمرکی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں تو پتہ چلا کہ 8 افراد موقع پر دم توڑ چکے جبکہ دو افراد زخمی ہیں۔
سوشل میڈیا پر صارفین کا کہنا ہے کہ’ الرین وادی الدواسر روڈ پر اکثر حادثات پیش آتح ہیں۔ یہاں ٹریفک اژدحام ہے جبک راستہ دو رویہ نہیں ہے‘۔

شیئر: