Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کو انڈیا کا ویزا جاری کرنے کی منظوری، انڈین میڈیا

پی ٹی آئی کے مطابق ’وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد انڈین وزارت خارجہ ویزے جاری کرے گی۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے ویزے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق ’وزارت داخلہ نے 34 پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے ویزے کی منظوری دی ہے۔ وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد انڈین  وزارت خارجہ ویزے جاری کرے گی۔‘
اس سے قبل پاکستان بلائنڈ کرکٹ ایوسی ایشن کے چیئرمین سلطان شاہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’انڈیا کی وزارت خارجہ نے سیاسی بنیاد پر پاکستان ٹیم کو ویزے کے لیے این او سی جاری کرنے سے معذرت کی ہے۔‘
سلطان شاہ نے کہا تھا کہ ’پاکستان شیڈولڈ ٹی20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کے لیے ویزوں کا انتظار کر رہا تھا، تاہم وزارت خارجہ کی جان سے معذرت کے بعد اب ٹیم پاکستان ایونٹ میں شرکت نہیں کر پائے گی۔‘
خیال رہے کہ پاکستان کی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں رنر اپ رہ چکی ہے اور اس کا شمار نمبر ون ٹیموں میں ہوتا ہے۔
سلطان شاہ نے مزید کہا کہ انڈیا کے اس رویے کے خلاف عالمی سطح پر شدید احتجاج ریکارڈ کیا جائے گا اور آئندہ انڈیا کو کسی بھی عالمی کپ کی میزبانی نہ دینے کی درخواست کریں گے۔ 
انہوں نے بتایا کہ انڈیا کی طرف سے تمام ٹیموں کو ویزے دینے کی یقین دہانی پر ہی تیسرے بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ کی میزبانی دی گئی تھی۔
خیال رہے کہ تیسرا بلائنڈ ٹی20 ورلڈ کپ 6 دسمبر سے انڈیا کے شہر فرید آباد میں شروع ہو رہا ہے۔
ایونٹ میں میزبان انڈیا سمیت 7 ٹیموں نے شرکت کرنا تھی جس میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیپال اور پاکستان شامل ہیں۔ پاکستان اور انڈیا کے درمیان 7 دسمبر کو میچ شیڈول ہے۔

شیئر: