Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ماں گھروں کی صفائی کرتی تھیں،‘ مراکشی فٹ بالر اشرف حکیمی

قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 کے ایک میچ میں مراکش نے سپین کو پینیلٹیز پر صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر تاریخ میں پہلی بار میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔
منگل کی رات قطر کے ایجوکیشن سٹی سٹیڈیم میں میچ کے 90 منٹ فیصلہ کن ثابت نہ ہوئے تو دونوں ٹیموں کو 30 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا۔ اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کر سکی تو فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ کے مرحلے پر پہنچا۔
مراکش کی ٹیم نے چار پینلٹی ککس میں سے تین پر گول کر دیے جبکہ ہسپانوی ٹیم پہلی تینوں پینلٹی ککس پر کوئی گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
فٹ بال ورلڈ کپ میں ایک اور اپ سیٹ کے بعد ایک بار پھر مراکش کے سٹار کھلاڑی اشرف حکیمی اپنی ٹیم کی ناقابل یقین جیت سٹیڈیم میں بیٹھی اپنی والدہ کے ساتھ مناتے ہوئے نظر آئے اور سوشل میڈیا پر یہ مناظر سینکڑوں ٹائم لائنز پر نظر آئے۔
اس سے قبل جب ورلڈ کپ میں مراکش نے بیلجیئم کو شکست دی تھی اس کے بعد بھی اشرف حکیمی اپنی والدہ سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے نظر آئے۔
گذشتہ رات سپین کے خلاف فتح کے بعد بھی مراکشی کھلاڑی رقص کرتے ہوئے مجمع میں بیٹھی اپنی والدہ کے پاس پہنچے اور انہیں سینے سے لگا کر ان کے ماتھے پر بوسہ دیا۔
اشرف حکیمی کی پیدائش سپین کے شہر میڈرڈ میں ہوئی تھی لیکن انہوں نے فٹ بال کھیلنے کے لیے اپنے والدین کے آبائی ملک مراکش کا انتخاب کیا تھا۔
مراکشی کھلاڑی اپنی والدہ سے محبت کی وجہ ماضی میں بھی کئی بار بتا چکے ہیں۔ اشرف حکیمی کی والدہ سعیدہ مو مراکش میں اپنے بیٹے کو کامیاب بنانے والی ماں کی حیثیت سے جانی جاتی ہیں۔
مراکشی فٹ بالر نے اپنے ایک انٹرویو میں بنڈس لیگا ڈاٹ کوم کو بتایا تھا کہ ’میری والدہ لوگوں کے گھروں کی صفائی کیا کرتی تھیں اور میرے والد سڑکوں پر مختلف اشیاء فروخت کیا کرتے تھے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمارا تعلق ایک غریب مگر سفید پوش گھرانے سے ہے جنہیں اپنے کمانے اور کھانے کے لیے جدوجہد کرنا پڑتی تھی۔‘
اشرف حکیمی اپنے فٹ بال کیریئر کو بھی اپنے والدین کی دین سمجھتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ’آج میں ہر روز ان کے لیے لڑتا (کھیلتا) ہوں کیونکہ انہوں نے میرے لیے قربانیاں دیں اور انہوں نے میرے بھائیوں کو بہت سی چیزوں سے محروم اس لیے رکھا تاکہ میں کامیاب ہو سکوں۔‘
اشرف حکیمی اس وقت فرانسیسی فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمن (پی ایس جی) کے مستقل کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ وہ اس سے قبل مشہور کلب ریال میڈرڈ اور اطالوی کلب انٹر میلان کی طرف سے بھی فٹ بال کھیلتے رہے ہیں۔

شیئر: