جدہ سپرڈوم میں کتب میلے کا افتتاح کردیاگیا
جمعرات 8 دسمبر 2022 20:30
میلے میں 9 سو سے زائد مقامی اوربین الاقوامی ناشران شریک ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی آرٹس ، پبلشنگ اینڈ ٹرانسلیشن اتھارٹی نے جمعرات 8 دسمبر کو جدہ بک فیئر2022 کا افتتاح کردیا ہے۔
کتب میلہ جدہ کے معروف سپرڈوم میں منعقد کیا جارہا ہے جس میں 900 مقامی اوربین الاقوامی ناشران شرکت کررہے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق جدہ بک فیئرکا سلسلہ 17 دسمبرتک جاری رہے گا جس میں 100 سے زیادہ مباحثے ، مکالمے ، سیمینار اورمشاعرے ہوں گے۔
قارئین کی ممتاز اورمقبول مصنفین سے ملاقات کےلیے ’حدیث کتاب‘ کے عنوان سے خصوصی پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔
مختلف شعبوں میں نامور سعودی اورغیرملکی شخصیات کے خیالات سے آگاہ کرنے کےلیے ورکشاپس بھی ہوں گے۔
مصنفین کے دستخطوں پرمبنی انکی کتابوں کی خریداری کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔
جدہ بک فیئرمیں سعودی مصنفین کا بھی ایک گوشہ بنایا گیا ہے جہاں 400 سے زیادہ موضوعات پرسعودی قلمکاروں کی تصنیفات رکھی گئی ہیں۔
ڈیجیٹل کتب خانہ ، آڈیو بک اسٹالز اورسماعت وگویائی سے محروم افراد کےلیے خصوصی صوتی بک اسٹال کے علاوہ مطالعہ ہال بھی قائم کیے گئے ہیں