Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مینارِ پاکستان ہراسیت کیس، خاتون ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے وارنٹ جاری

عدالت نے مقدمے کی مدعیہ اور دیگر گواہوں کو طلب کیا تھا۔ فوٹو: سکرین گریب
مینار پاکستان پر ٹک ٹاکر خاتون سے بدسلوکی کے مقدمے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے جہاں لاہور کی سیشن کورٹ نے عائشہ اکرم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
جمعے کو ایڈیشنل سیشن جج نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کرتے ہوئے لکھا کہ بطور گواہ پیش نہ ہونے پر ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔
عدالت نے متعلقہ ایس ایچ او کو خاتون سمیت دیگر گواہوں کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
تحریری حکم نامے کے مطابق عدالت نے مقدمے کی مدعیہ سمیت دیگر گواہوں کو طلب کیا تھا۔ ’عدالتی احکامات کو مدعیہ سمیت کسی گواہ نے اہمیت نہیں دی۔‘
عدالت نے سماعت 5 جنوری تک ملتوی کر دی۔
تھانہ لاری اڈا پولیس نے ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کی مدعیت میں ہراساں کیے جانے کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
خاتون ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کو ہجوم کی جانب سے ہراساں کیے جانے کا واقعہ گزشتہ سال اگست میں ہوا تھا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردعمل ظاہر کیا تھا۔ 
سوشل میڈیا پر جب ویڈیوز وائرل ہوئیں تب وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیا تھا اور اس معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا گیا تھا۔

شیئر: