Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شکست کے بعد روتے ہوئے نیمار کو تسلی دینے والا بچہ کون تھا؟

برازیل کو کوارٹر فائنل میں کروشیا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ (سکرین گریب/ویڈیو)
قطر کے ایجوکیشن سٹی سٹیڈیم میں جمعے کو پہلے کوارٹر فائنل میں ورلڈ کپ جیتنے کے لیے فیورٹ سمجھی جانے والی برازیل کی ٹیم کو کروشیا نے پینلٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا تھا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے 90 منٹ میں میچ برابر تھا کہ نیمار جونیئر نے اضافی ٹائم کے دوران 106 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی لیکن یہ سبقت زیادہ دیر تک سلامت نہ رہی اور ایکسٹرا ٹائم کے 117 ویں منٹ میں کروشیا کے برونو پیٹکوچ نے گول کر کے میچ 1-1 گول سے برابر کردیا۔
پینلٹی شوٹ آؤٹ پر برازیل کو دو کے مقابلے مین چار گول سے شکست ہوئی جس کے بعد ٹیم کے کھلاڑیوں کی آنکھوں میں آنسو دیکھے جاسکتے تھے۔
برازیل کے کپتان نیمار جونیئر بھی نم آنکھوں کے ساتھ دیگر کھلاڑیوں سے ملاقات کر رہے تھے۔
اسی دوران کروشیا ٹیم کی شرٹ پہنے دو بچے گراؤنڈ میں نیمار کی طرف بھاگتے ہوئے نظر آئے جنہیں میچ آفیشلز نے روکنے کی بھی کوشش کی لیکن ان میں سے ایک بچہ نیمار سے ملے بغیر واپس جانے پر راضی نظر نہیں آرہا تھا۔
یہ لڑکا کروشیا کے کھلاڑی لیو پرسچ ایون کا بیٹا تھا جو روتے ہوئے نمار جونیئر کو تسلی دینے آیا تھا۔
برازیلین کپتان نیمار بھی بچے سے ملے اور اسے گلے لگایا اور یہ ویڈیو اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔
کوارٹر فائنل میں جیت کے بعد کروشیا کی ٹیم بدھ 14 دسمبر کو ارجنٹائن کا مقابلہ کرے گی۔ ارجنٹائن کی ٹیم نے ہفتے کو نیدرلینڈز کی ٹیم کو شکست دے کر ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔

شیئر: