سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے ترکیہ سے آنے والے عمرہ زائرین پر عائد کورونا کی پابندیاں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ فیصلہ عمرہ اور مسجد نبوی ریاض الجنہ میں نماز کی ادائیگی کے لیے آنے والے زائرین کو دی جانے والی سہولتوں کا حصہ ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر حج نے ترکیہ کے محکمہ مذہبی امور کے سربراہ ڈاکٹر علی ارباش سے ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر انقرہ میں متعین سعودی ناظم الامور محمد الحربی، استنبول میں سعودی عرب کے قائم مقام قونصل جنرل احمد عقیل اور وزارت حج و عمرہ کے عہدیدار موجود تھے۔
سعودی وزیر حج نے بتایا کہ ’ترکیہ سے آنے والے عمرہ زائرین کو عمر کی پابندی سے استثنی دیا گیا ہے۔ عمرہ زائرین کی تعداد پر بھی کوئی پابندی نہیں ہوگی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’دنیا کے کسی بھی ملک سے کسی بھی ویزے پر آنے والوں کو عمرے کا موقع دیا جائے گا‘۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا کہنا تھا کہ’ سعودی عرب اور اس کی حکومت اسلام اور اس کے پیرو کاروں کی خدمت کی پالیسی پر گامزن ہے اور رہے گی‘۔
’عمرے کےلیے مملکت آنے کے سلسلے میں ہر سہولت فراہم کی جائے گی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’عمرہ اور زیارت ویزوں میں آسانی کے لیے’ نسک‘ پلیٹ فارم متعارف کرانے سے حرمین شریفین کی زیارت کافی آسان ہو گئی ہے‘۔