سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کا منگل کو لندن میں ان کے برطانوی ہم منصب بین والیس نے خیر مقدم کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق لندن کے رائل کیولری گارڈ سکوائر پر سرکاری استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پرسعودی شاہی ترانہ بجایا گیا۔ وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔
بعد ازاں دونوں وزرائے دفاع نے برطانوی وزارت دفاع کے ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی جس میں دوست ملکوں کے درمیان سٹریٹجک اور تاریخی تعلقات کا جائزہ لیا، دفاعی اور عسکری شعبے میں باہمی تعاون کے پہلووں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشترکہ تشویش کے کئی امور کےعلاوہ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
دونوں وزرائے دفاع نے ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی اور برطانوی وزرائے دفاع نے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی دفاعی شراکت کو مضبوط بنانے کا جائزہ لیا جو امن و استحکام، باہمی اورعلاقائی سلامتی کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم پر مبنی ہے۔
دونوں وزرائے دفاع نے دفاعی منصوبے پر معاہدے کا خیر مقدم کیا جس سے مشترکہ سلامتی کے چیلنجوں سے نمٹنے کےلیے دوطرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون میں اضافہ ہوگا۔
برطانوی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ’ یہ معاہدہ علاقائی سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے حوالے سے سعودی عرب کے ساتھ کام کرنے کے لیے برطانیہ کے پائیدار عزم کی تصدیق کرتا ہے‘۔