’کامیابی سے ایک قدم کی دور‘، ارجنٹائن کے کوچ کیا کہتے ہیں؟
ارجنٹائن کے کھلاڑیوں جیت کے بعد اپنے مداحوں کے ساتھ مل کر بھرپور خوشی منائی (فوٹو: اے ایف پی)
قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ میں کروشیا کے خلاف سیمی فائنل جیتنے کے بعد ارجنٹائن کے کوچ نے کہا ہے کہ ’ابھی ایک اور قدم اٹھانا باقی ہے اس لیے ٹیم جلد اپنی توجہ فائنل پر مبذول کرے۔‘
ارجنٹائن نے کروشیا کو 3-0 سے ہرا کر چھٹے ورلڈ کپ فائنل میں جگہ بنائی ہے اور اب اس کا مقابلہ 18 دسمبر کو فرانس یا مراکش سے ہو گا۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ارجنٹائن کے کوچ لیونل سکالونی نے کہا ہے کہ ’میرے خیال میں ہم جیت کے مستحق تھے، لیکن اتنے بڑے مارجن سے جیتنے کی توقع نہیں تھی۔‘
ان کا کروشین ٹیم کے بارے میں کہنا تھا کہ ’آغاز میں ان کی میچ پر گرفت تھی لیکن ہمیں معلوم تھا کہ ایسا ہو گا کیونکہ ان کے پاس تین چوٹی کے مِڈ فیلڈرز تھے اور کئی برسوں سے اکٹھے کھیل رہے اور ایک دوسرے کو اچھے طرح سے جانتے ہیں۔‘
’ہم سمجھتے تھے کہ کھیل کس طرف جائے گا، لیکن پھر پینلٹی نے گیم بدل دی۔‘
ارجنٹائن کے کھلاڑیوں نے جیت کے بعد دوحہ میں اپنے مداحوں کے ساتھ مل کر بھرپور جشن منایا۔
کوچ لیونل سکالونی نے کہا کہ ’ہم نے خوشی منائی کیونکہ فائنل میں پہنچنا بہت بڑی بات ہے، لیکن ابھی ایک اور قدم اٹھانا باقی ہے اور اب ہمیں اس کے لیے آگے بڑھنا ہو گا۔‘
برازیل میں ڈیڑھ سال قبل ہونے والے کوپا امریکہ ٹورنامنٹ میں ارجنٹائن کو جیت دلوانے والے کوچ لیونل سکالونی اب ورلڈ کپ جیتنے کی امید کر رہے ہیں۔
یہ ارجنٹائن کا چھٹا ورلڈ کپ فائنل ہو گا تاہم کوچ نے سابق کوچز کے ساتھ اپنا موازنہ کرنے سے گریز کیا۔
’مجھے قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے اور فائنل میں پہنچنے پر فخر ہے، لیکن میں دوسرے کوچز کے ساتھ اپنا موازنہ نہیں کر سکتا۔‘