Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ترقیاتی فنڈ کا البانیہ کو 30 ملین ڈالر کا آسان قرضہ

کوسٹل ہائی وے کے مقابل نئے انفراسٹریکچر کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی ترقیاتی فنڈ کے ایک وفد نے البانیہ میں کوسٹل ہائی وے کے مقابل نئے انفراسٹریکچر کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔
اس موقع پر البانیہ کی وزیر سیاحت و ماحولیات، البانیہ میں سعودی سفیر فیصلبن غازی اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔
ایس پی اے اورعاجل ویب کے مطابق سعودی ترقیاتی فنڈ نے اس پروجیکٹ کےلیے30 ملین ڈالر کا قرضہ آسان شرائط پر دیا ہے۔
پروجیکٹ کا مقصد کوسٹل ہائی وے کے مقابل ساحلی علاقے میں سہولتوں کو بہتر بنانا اور پورے علاقے کی ازسر نو تعمیر ہے۔

سعودی عرب 2009 سے البانیہ میں ترقیاتی منصوبے نافذ کرارہا ہے(فوٹو ایس پی اے)

یہاں سائیکل ٹریک، پیدل چلنے والوں کے لیے فٹ پاتھ اور500 گاڑیوں کے لیے پارکنگ کا بندوبست کیا جائے گا۔
بجلی پانی اور نکاسی آب کا نیٹ ورک تیار کیا جائے گا۔ تجارتی اور اقتصادی ادارے قائم ہوں گے۔ سستی ٹرانسپورٹ مہیا ہوگی۔
نئے منصوبے سے ملازمتیں نکلیں گی اور صحت عامہ کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ان اہداف کے حصول کےلیے شراکت کے نظام کو فروغ دیا جائے گا۔
البانیہ کی وزیر سیاحت و ماحولیات کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اپنے ترقیاتی فنڈ کے توسط سے2009 سے البانیہ میں ترقیاتی منصوبے نافذ کرارہا ہے۔  نئے منصوبے سے ترقی میں مدد ملے کی اور ملازمت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

شیئر: