کراچی ٹیسٹ کا دوسرا دن پاکستانی سپنرز ابرار احمد اور نعمان علی کے نام
کراچی ٹیسٹ کا دوسرا دن پاکستانی سپنرز ابرار احمد اور نعمان علی کے نام
اتوار 18 دسمبر 2022 8:43
انگلینڈ کے اوپنر زیک کرالی کو سپنر ابرار احمد نے صفر پر آؤٹ کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کراچی میں سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنائے تھے۔
اتوار کو جب کھیل ختم ہوا تو عبداللہ شفیق 14 اور شان مسعود تین رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ پاکستان کی ٹیم ابھی بھی 29 رنز کے خسارے میں ہے جبکہ اس کی دس وکٹیں باقی ہیں۔
اس سے قبل میچ کے دوسرے دن کے آغاز پر انگلش ٹیم نے گزشتہ رات کے سکور سات رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو اس کی پوری ٹیم 354 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اس طرح انگلینڈ کو پاکستان کے پہلی اننگز کے سکور 304 رنز کے جواب میں 50 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
پاکستانی سپنرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا، ابرار احمد اور نعمان علی نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں، محمد وسیم جونیئر کے حصے میں ایک وکٹ آئی جبکہ ایک بلے باز رن آؤٹ ہوا۔
ہیری بروک اور بین فوکس کی سینچری شراکت کی بدولت انگلینڈ پہلی اننگز میں برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ ہیری بروک نے ٹیسٹ کرکٹ میں تیسری سینچری سکور کی اور 111 رنز بنا کر محمد وسیم جونیئرکے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی وکٹ بنے۔
ایک موقع پر انگلینڈ کی پانچ وکٹیں 145 کے سکور پر گر گئی تھیں۔
انگلینڈ کی طرف سے بین سٹوکس 26، اولی روبنسن 29، اولی پوپ 51، بین فوکس 54، مارک ووڈ 35، ریحان احمد ایک رن جبکہ زیک کرالی اور جو روٹ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ جیک لیچ نو رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
قبل ازیں پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 304 رنز بنائے تھے۔
ٹاس جیت کر پہلے کھلیتے ہوئے پاکستانی بیٹر انگلش ٹیم کے سامنے بڑا ٹوٹل کھڑا کرنے میں ناکام رہے۔ کپتان بابر اعظم 78 اور آغا سلمان 56 رنز بنا پائے تھے۔
اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والے اظہر علی 45 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
پاکستان کی ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں اور محمد وسیم جونیئر کو ٹیسٹ کیپ دی گئی۔
شان مسعود، اظہر علی اور سپنر نعمان علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
انگلینڈ کی ٹیم کھیلے گئے دونوں ٹیسٹ جیت کر سیریز میں پہلے ہی فتح حاصل کر چکی ہے۔