دوران ڈرائیونگ موبائل کا استعال، ’حادثات سے کئی خاندان اجڑ گئے‘
مملکت کے مختلف علاقوں میں ٹریفک سلامتی مہم چلائی جا رہی ہے( فوٹو فری پکس)
سعودی عرب میں محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر محسن الزھرانی نے سعودی شہریوں اور غیرملکیوں سے کہا ہے کہ ’ڈرائیونگ کے دوران موبائل استعمال نہ کریں، اس کا استعمال نقصان دہ ہے۔‘
اخبار 24 کے مطابق محسن الزھرانی کا کہنا ہے کہ ’گزشتہ مہینوں کے دوران موبائل کے استعمال سے مملکت کے متعدد علاقوں میں ہونے والے ٹریفک حادثات میں متعدد خاندان جان کی بازی ہار گئے۔‘
محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر جنرل نے تبوک ریجن میں ٹریفک سلامتی مہم 2022 کے دوران کہا کہ ’ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں 7 افراد ہلاک ہوئے جبکہ دوسرے ٹریفک حادثے میں پورا خاندان مارا گیا۔ دونوں بڑے حادثات ڈرائیونگ کے دوران موبائل کے استعمال کی وجہ سے ہوئے ہیں۔‘
دوسری جانب محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں محفوظ ٹریفک مہم کی کامیابی کے باعث ٹریفک حادثات کے باعث اموات کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔
2016 میں ایک لاکھ پر27 افراد کی موت واقع ہو رہی تھی جو اب2021 میں گھٹ کر فی لاکھ پر13.17 تک آ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’وزارت داخلہ کی کوشش ہے کہ ٹریفک حادثات سے ہونے والی اموات کی تعداد میں دو تہائی تک کمی لائی جائے۔‘
انہوں نے تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ اس ہدف کے حصول کے لیے مل کر کام کریں۔