وزارت تعلیم میں سعودی بزنس سینٹر کی نئی شاخ کا افتتاح
نئی برانچ کا آغاز وژن 2030 کے اہداف کے حصول کا حصہ ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر تعلیم یوسف البنیان اور وزیر تجارت ماجد القصبی نے ریاض میں وزارت تعلیم میں سعودی بزنس سینٹر کی شاخ کا افتتاح کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی اتھارٹی برائے ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے سربراہ عبداللہ الغامدی کے علاوہ سرکاری اداروں کے رہنماؤں اور نجی تعلیمی شعبے میں سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب میں نجی تعلیمی شعبے میں سرمایہ کاری کو بااختیار بنانے اور فروغ دینے کے لیے سرکاری اداروں کے درمیان متعدد معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
نئی برانچ کا آغاز وژن 2030 کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے کئی انیشیٹوز کا حصہ تھا۔
ان میں نجی شعبے کے سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط کرنا اور انہیں لیبر مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تعلیمی نظام کی ترقی میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرنا شامل ہے۔
سعودی وزیر تعلیم یوسف البنیان نے نوٹ کیا کہ بزنس کمیونٹی شعبہ کے اہداف کے مطابق تعلیمی خدمات اور مصنوعات فراہم کرنے میں ایک فعال شراکت دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ وزارت کے ہیڈکوارٹرز میں برانچ کا افتتاح تعلیمی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ تعلیم کی حمایت اور ترقیاتی منصوبوں کو انجام دینے کی اس کی کوششوں کا حصہ تھا‘۔
یوسف البنیان نے کہا کہ ’وزارت کو کارکردگی کی سطح اور سرکاری خدمات کی فراہمی کے معیار کو بہتر بنا کر اس شعبے میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی امید ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ سینٹر750 سے زائد سرکاری خدمات فراہم کرنے کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ قائم کرے گا جس سے مملکت کے اندر اور باہر کے سرمایہ کاروں کے لیے کام شروع کرنا آسان ہو جائے گا‘۔
سعودی وزیر تعلیم نے نشاندہی کی کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سعودی عرب میں متعدد تعلیمی سہولتوں کی تعمیر، آپریشن اور دیکھ بھال میں کامیاب رہی ہے جس میں مکہ اور مدینہ میں 120 سکولوں کا افتتاح شامل ہے جس میں ایک لاکھ دو ہزار سے زائد طلبہ کی گنجائش ہے۔