چین کے 43 جنگی جہازوں نے میڈیئن لائن عبور کی: تائیوان کا دعویٰ
چین تائیوان کے قریب اپنی فوجی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ (فوٹو:اے پی)
تائیوان کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ چین کی فضائیہ کے 43 طیاروں نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں آبنائے تائیوان کی غیر رسمی لکیر ’میڈیئن لائن‘ کو عبور کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق بیجنگ تائیوان کے قریب اپنی فوجی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
چین نے کہا ہے کہ اس نے اتوار کو تائیوان کے ارد گرد سمندر اور فضائی حدود میں ’فوجی مشقیں‘ کیں جو کہ جمہوری حکومت والے جزیرے اور امریکہ کی طرف سے ’اشتعال انگیزی کا جواب‘ ہیں۔
تائیوان جو چین کے خودمختاری کے دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتا ہے، نے کہا ہے کہ ’مشقوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ بیجنگ علاقائی امن کو تباہ کر رہا ہے اور تائیوان کے لوگوں کے حوصلے پست کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔‘
تائیوان کی وزارت دفاع کے فراہم کردہ نقشے کے مطابق جنگی طیاروں نے آبنائے تائیوان کی میڈیئن لائن عبور کی جو ایک غیر سرکاری حد بندی ہے۔
وزارت دفاع نے بتایا کہ تائیوان کے قریب چینی بحریہ کے سات جہازوں کا بھی پتہ چلا ہے۔
’تائیوان نے چینی طیاروں کو متنبہ کرنے کے لیے جنگی طیارے بھیجے جبکہ میزائل سسٹم ان کی پرواز کی نگرانی کر رہے تھے۔‘
چین نے حالیہ برسوں میں خود مختار جزیرے پر بیجنگ کی حکمرانی کو قبول کرنے کے لیے دباؤ بڑھایا ہے۔ تائیوان کی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ امن چاہتی ہے لیکن اگر حملہ ہوا تو وہ اپنا دفاع کرے گی۔
خیال رہے کہ چین تائیوان کو اپنے ملک کا حصہ قرار دیتا ہے جبکہ تائیوان اپنی خودمختاری کا دعویدار ہے۔
پچھلے کچھ برسوں کے دوران تائیوان اور چین کے درمیان صورت حال میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور کمیونسٹ پارٹی کی لبریشن آرمی اس سے قبل بھی تائیوان کی طرف جنگی اور بحری جہاز بھیجتی رہی ہے۔