Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہمارے مصالحوں کا مزہ لیجیے‘ بہترین کھانوں والے ممالک میں پاکستان 47ویں نمبر پر

سیاحت سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ ’ٹیسٹ ایٹلس‘ نے سال 2022 کے بہترین کھانوں والے 95 ممالک کی فہرست جاری کی ہے جس میں پاکستان بھی شامل ہے۔
اس فہرست کے مطابق سب سے بہترین کوزین اٹلی کا ہے جو سب سے پہلے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان کا کوزین 47 ویں نمبر پر ہے۔
ہر سال جب بھی یہ فہرست جاری ہوتی ہے تو سوشل میڈیا صارفین اپنے اپنے ممالک کے کھانوں کو بہترین تصور کرتے ہوئے شدید ردعمل دیتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
جو جہاں کے کوزین کا عادی ہو اسے وہیں کے کھانے بہترین لگتے ہیں لیکن ٹیسٹ ایٹلس کے مطابق لوگوں کی رائے ہی اس بات کا فیصلہ کرتی ہے کہ کس ملک کا کھانا کس حد تک مزیدار ہے۔
اس فہرست کے مطابق انڈیا کا کوزین پانچویں نمبر پر بہترین کوزین قرار دیا گیا ہے جبکہ اگر دیکھا جائے تو پاکستان اور انڈیا کے کھانوں میں کافی حد تک مماثلت پائی جاتی ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان اس فہرست میں 47 ویں نمبر پر ہے۔
ٹیسٹ ایٹلس نے اپنی ایک ٹویٹ میں تسلیم کیا کہ ہر سال اس فہرست کے شائع ہونے پر لوگ کافی غصے کا اظہار کرتے ہیں بلکہ سفارتخانوں سے بھی کال موصول ہوتی ہے، لیکن انہوں نے اس ردعمل کے ساتھ جینا سیکھ لیا ہے۔
ساتھ ہی ٹیسٹ ایٹلس نے یہ فہرست ترتیب دینے کا طریقہ کار واضح کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے ٖڈیٹا بیس میں دنیا بھر سے 15 ہزار سے زائد کھانوں کی ڈشز اور اجزا موجود ہیں جن پر لوگ سال بھر اپنی رائے دیتے ہیں۔
امریکی کوزین کو آٹھواں بہترین کوزین قرار دینے پر ٹوئٹر صارف جے کے کا کہنا تھا کہ اسی سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس فہرست کو سنجیدگی سے نہ لیا جائے۔
ایک اور ٹوئٹر صارف سول ماز کا کہنا تھا کہ وہ 40 ممالک کا سفر کر چکی ہیں اور اپنے تجربے سے بتا سکتی ہیں کہ یہ فہرست بالکل درست نہیں ہے، بہت سے بہترین کوزین والے ممالک کو نظرانداز کیا گیا ہے۔

صارف ادتیا ناراین نے انڈین کھانوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’ہمارے مصالحوں کا مزہ لیجیے۔‘

ٹوئٹر صارف پشوپتی ڈیولا نے اپنی ٹویٹ میں حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا بنگلہ دیشی اور پاکستانی ڈشز انڈین کھانوں سے مختلف ہیں؟ تو پھر یہ فہرست میں اتنا نیچے کیوں ہیں۔

ویب سائٹ ٹیسٹ ایٹلس کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی یہ فہرست پسند نہیں لیکن یہ لوگوں کی آواز کی عکاسی کرتی ہے۔

شیئر: