سعودی دارالحکومت ریاض کے 120 سے زیادہ محلوں میں شجرکاری پروگرام جمعرات 29 دسمبر سے شروع کیا جارہا ہے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے انشیٹو پر’الریاض الخضرا‘ (گرین ریاض) پروگرام جاری کیا تھا۔ ریاض میں چار بڑے پروگرام شروع کیے جائیں گے یہ ان میں سے ایک ہے۔

سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ریاض میں شجرکاری کا پروگرام بین الاقوامی معیار کے مطابق ہے۔ اس سے مقامی ماحول تبدیل ہوگا۔ ریاض کے مختلف علاقوں میں پارک بنائے جائیں گے۔ اندرونی سڑکوں پر پودے لگائے جائیں گے۔ واکنگ ٹریکس اور فٹ پاتھوں کے کنارے درخت لگائے جائیں گے۔
مساجد اور سکولوں کے احاطوں نیز پارکنگ لاٹس میں بھی شجرکاری ہوگی ۔بڑے بڑے پارک بنائے جائیں گے۔ وادیوں میں شجرکاری کی بڑی مہم چلائی جائے گی۔

ریاض میں شجرکاری پروگرام کی شروعات جمعرات کو العزیزیہ محلے سے ہوگی۔ اس کے تحت 6 لاکھ 23 ہزار درخت اور پودے لگائے جائیں گے۔ 54 پارک بنائے جائیں گے۔61 سکولوں،121 مساجد، 78 پارکنگ لاٹس، سڑکوں اور راہداریوں کا 176 کلو میٹر کا رقبہ پودوں اور درختوں سے آراستہ ہوگا۔
پروگرام کے مطابق العزیزیہ محلے میں شجر کاری کا کام 7 جنوری 2023 کو مکمل کرلیا جائے گا۔ اس کے بعد مشرقی النسیم، الجزیرہ، العریجا ، الوسطی، قرطبہ، الغدیر اور النخیل محلوں میں مہم کا آغاز کیا جائے گا۔
