Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابشر پر نئی سہولتیں کیا ہیں؟

غیرملکیوں کو اپنی فیملی کے افراد کی ڈیجیٹل آئی ڈی کی سہولت دی گئی ہے(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود کی سرپرستی میں نائب وزیر ڈاکٹر ناصر الداوود نے بدھ کو سالانہ ابشر فورم میں شرکت کی۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹر ناصر الداوود نے وزارت داخلہ کے مختلف شعبوں میں ڈیجیٹل تبدیلی کے حوالے سے نمایاں خدمات کو سراہا ہے۔ 
نائب وزیر داخلہ نے نئی الیکٹرانک سہولتوں اور انشیٹوز کا افتتاح کیا۔ ان میں سعودی پاسپورٹ کا آن لائن اجرا اور تجدید بھی شامل ہے۔ مقامی شہری آن لائن قومی شناختی کارڈ بھی جاری کرا سکتے ہیں اور فیس بھی آن لائن ادا کر سکتے ہیں۔ 
مقیم غیرملکیوں کو اپنی فیملی کے افراد کی ڈیجیٹل آئی ڈی کی سہولت بھی دی گئی ہے۔
معاون وزیر داخلہ شہزادہ ڈاکٹر بندر بن عبداللہ بن مشاری نے کہا کہ ’نئی آن لائن سہولتوں کا افتتاح اس بات کا ثبوت ہے کہ وزارت داخلہ میں ڈیجیٹل تبدیلی اور ٹیکنالوجی کے فروغ کا سلسلہ جاری ہے۔‘  
وزارت داخلہ نے 350 سے زیادہ الیکٹرانک سہولتیں مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو فراہم  کی ہیں جن سے 26 ملین سے زیادہ افراد کو فائدہ ہو رہا ہے۔ 
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے دی جانے والی نئی آن لائن سہولتوں کے حوالے سے محکمہ پاسپورٹ نے تفصیلات جاری کی ہیں۔
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ ’نئی سہولت کے تحت بری راستے سے بحرین روانگی سے قبل آن لائن بکنگ ’ابشر سفر‘ کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔‘ 

نائب وزیر داخلہ نے نئی الیکٹرانک سہولتوں اور انشیٹوز کا افتتاح کیا (فوٹو: ایس پی اے)

الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ پاسپورٹ کے ترجمان ناصر العتیبی نے کہا کہ ’جو سعودی شہری یا مقیم غیرملکی کنگ فہد پل کے راستے بحرین جانا چاہتے ہوں وہ روانگی سے قبل آن لائن بکنگ ابشر سفر کے ذریعے کرسکتے ہیں۔‘  
محکمہ پاسپورٹ نے تین نئی سہولتوں کا اضافہ کیا ہے۔ ابشر سفر کی سہولت ان میں سے ایک ہے، باقی دو سہولتوں کا اجرا مرحلہ وار ہو گا۔  
انہوں نے کہا کہ ’کنگ فہد پل پر رش کی صورت میں ایس ایم ایس بھیجا جائے گا۔ اس طرح شہری اورغیرملکی انتظار کی زحمت سے بچ جائیں گے۔ گاڑی کا ڈرائیور بکنگ کر کے اپنی نجی معلومات اور گاڑی میں موجود فیملی کے افراد، رشتہ داروں اور دوستوں کی ضروری معلومات درج کرائے گا۔‘  
محکمہ پاسپورٹ کے ترجمان نے بتایا کہ ’سعودی پاسپورٹ کے اجرا اور تجدید کی کارروائی کے لیے ابشر کے ذریعے آن لائن ادائیگی کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ اب تک یہ سہولت بینکوں تک محدود تھی۔‘

شیئر: