مملکت میں مکانوں کے کرایے 15.6 فیصد بڑھ گئے
جمعرات 29 دسمبر 2022 20:22
مکانوں کی طلب میں اضافہ کرایے بڑھنےکابنیادی سبب ہے(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی عرب میں نومبر 2022 کے دوران مکانوں کے کرایوں میں 15.6 فیصد اضافہ ہوگیاہے۔
المدینہ اخبار کے مطابق مبینہ اضافہ حالیہ برسوں کے دوران سب سے بڑا ہے۔
اکتوبر کے مہینے میں مکانوں کے کرایوں میں سالانہ کی بنیاد پر13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اضافے کی بڑی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ کرایے کے مکان کی طلب بہت بڑھ گئی ہے۔ دوسرا سبب یہ بیان کیا جارہا ہے کہ سعودی عرب کی معیشت تیزی کے ساتھ پھل پھول رہی ہے۔
مال ویب سائٹ کے مطابق فلیٹس کے کرایوں کا انڈیکس نومبر کے مہینے میں 85.16 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ نومبر 2021 میں 73.61 فیصد تھا۔ بنگلوں کے کرایوں میں نومبر 2022 کے دوران 8.6 فیصد اضافہ ہوا اس طرح اس کا انڈیکس 91.12 پوائنٹس تک پہنچ گیا جبکہ نومبر2021 کے دوران اس کا انڈیکس 83.89 پوائنٹس تک تھا۔