Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ محمد بن سلمان نے مسلمانوں کی ترجمانی کی ہے، طاہر اشرفی

شہزادہ محمد بن سلمان سے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی ملاقات کی فائل فوٹو
 لاہور( پ ر) نائب ولی عہدووزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی کی ہے ۔ ایرانی مذہبی قیادت کو دوسرے ممالک میں مداخلت کا تصور ختم کرنا ہو گا ۔ا رض حرمین شریفین کے امن و سلامتی کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کرنے والی ہر قوت کو باہمی اتحاد سے ناکام بنا دیں گے ۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طا ہرمحمود اشرفی نے سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کے گزشتہ دنوں دیئے جانے والے انٹرویو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے حقیقت کو سامنے رکھتے ہوئے ایران، عرب ممالک کی صورتحال کو بیان کیا ہے ۔ ایرانی مذہبی قیادت کا پوری دنیا پر قبضہ کرنے کا تصور اور اپنے افکار پھیلانے کی کوششیں مسلم امہ میں انتشار کا سبب بن رہی ہیں جن کی طرف شہزادہ محمد بن سلمان نے توجہ دلائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی ذرائع ابلاغ اور قیادت شہزادہ محمد بن سلمان پر تنقید کرنے کی بجائے خمینی کے افکار پر توجہ دے اور غور کرے کہ عرب ممالک اور ایران کے درمیان خمینی انقلاب سے قبل اس طرح کی صورتحال کیوں نہ تھی ۔ انہوںنے کہا کہ سعودی عرب ہی نہیں کوئی بھی اسلامی ملک فکر ولایت فقیہ کو تسلیم کرنے کی کسی بھی صورت تیار نہیں ۔ انہوں نے ایران کی یمن ، عراق اور شام میں مداخلت کی انتہائی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج مشرق وسطیٰ ایرانی پالیسیوں کی وجہ سے جہنم بنا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کے انٹرویو کو امت مسلمہ میں جو مقبولیت ملی ہے ،اس سے امت کی سعودی عرب سے محبت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔
 
 

شیئر: