غلط انداز میں لیٹنا جسم کو کئی طرح سے نقصان پہنچاتا ہے اور بعض اوقات یہ ریڑھ کی ہڈی کی پیچیدگیوں کا سبب بھی بن جاتا ہے۔
مجلہ ’الرجل‘ نے سیلون پرائیو میگزین کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں سونے کے ایسے طریقوں کا ذکر کیا ہے جو ریڑھ کی ہڈی کے لیے مفید ہیں۔
ایک پہلو پر سونا
ریڑھ کی ہڈی کو ٹھیک رکھنے کے لیے ایک پہلو پر سونا مناسب طریقوں میں شمار ہوتا ہے۔
اس طرح سونے سے کمر کی نچلی ڈِسکوں پر ہلکا سا دباؤ پڑتا ہے جس کے نتیجے میں ریڑھ کی ہڈی سیدھی رہتی ہے۔
پہلو پر سونے سے آپ کی نیند کا دورانیہ طویل ہوتا ہے۔ اس انداز میں سونا بے خوابی کا علاج سمجھا جاتا ہے اور یوں سوتے ہوئے خراٹے لینے کا مسئلہ بھی کم ہو سکتا ہے۔
ایک پہلو پر سوتے ہوئے آپ کو دونوں گھٹنے جوڑنے چاہئیں اور سر کے نیچے بازو رکھ لینا چاہیے۔
کمر کے بل سونا
سیدھا، چت لیٹنا یا کمر کے بل پر لیٹنا بھی مفید ہے بشرطیکہ آپ کی گردن اور سر کے لیے تکیہ آرام دہ ہو۔ اس طرح سونے سے سٹریس کم ہوتی ہے۔
سیدھا سونے والوں کو اپنے لیے مناسب بستر کا انتخاب کرنا چاہیے (فائل فوٹو: شٹر سٹاک)
اس انداز میں سونے والوں کو اپنے گھٹنوں کے نیچے بھی ایک نرم تکیہ رکھنا چاہیے۔ سیدھا سونے والوں کو احتیاط سے کروٹیں بدلنی چاہئیں تاکہ ریڑھ کی ہڈی کو نقصان نہ پہنچے۔
پیٹ کے بل پر سونا
کچھ لوگوں کو پیٹ کے بل پر سونے کی عادت ہوتی ہے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ پیٹ کے بل سونے والے افراد کمر کے درد کی شکایت کرتے ہیں۔
ایسے افراد اچھی کوالٹی کے میٹریس اور تکیے کے استعمال کے ذریعے اچھی نیند لینے کے ساتھ ساتھ ریڑھ کی ہڈی کے مسائل سے بھی چھٹکارہ حاصل کر سکتے ہیں۔
اگر بستر اچھا ہو تو پیٹ کے بل سونے والوں کی ریڑھ کی ہڈی اپنی معمول کی ہئیت میں رہے گی۔
جہاں تک تکیوں کے انتخاب کا معاملہ ہے تو نرم بھی ہونے چاہئیں لیکن ان میں ایک گونہ سختی بھی درکار ہوتی ہے۔ یہ تھوڑے سے اونچے ہونے چاہئیں تاکہ سوتے ہوئے گردن اور کندھے اپنی قدرتی حالت میں رہیں۔