Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لفظوں کا سہارا لیے بغیر اظہارِ محبت کیسے کیا جائے

تعلقات میں ایک اہم چیز یہ ہے کہ آپ اپنے پیارے کا حوصلہ بڑھائیں (فوٹو: پِگزلز)
محبت قدرت کا خصوصی عطیہ ہے۔ یہ زندگی اور ہمارے باہمی تعلقات کو خوشگوار بناتی ہے۔
اس لیے ضروری ہے کہ ایسی محبت کی حفاظت کی جائے اور خوش گوار طریقوں سے اظہار کر کے اسے تازہ رکھا جائے۔
محبت کے اظہار کے کئی طریقے ہیں اور ان سب کا مقصد ایک ہی ہے کہ اس خوبصورت جذبے کو زندہ رکھا جائے۔
عربی میگزین ’سیدتی‘ نے اس حوالے سے انسانی تعلقات کے ماہر ڈاکٹر فواد خلیل سے ملاقات کی ہے اور اس بارے میں ان سے جاننے کی کوشش کی کہ کسی شخص سے محبت کا اظہار کیسے کیا جا سکتا ہے؟
ڈاکٹر فواد خلیل کہنا ہے کہ ’کئی بار ایسا ہوتا ہے آدمی کے پاس وہ سب کچھ بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہوتے جو اس کے دل میں ہوتا ہے۔‘
اس لیے کچھ ایسے طریقے ہیں جن سے دوسرے شخص کو یہ باور کرایا جا سکتا ہے کہ آپ اس سے کتنی محبت کرتے ہیں۔

توجہ سے سننا

ڈاکٹر فواد خلیل کہتے ہیں کہ سب سے پہلی چیز یہ ہے کہ آپ اپنے پیارے کی بات مکمل توجہ اور غور سے سنیں۔ اگر کوئی ایسی چیز ہو جو اسے ناراض کرنے والی ہے تو فوراً کچھ اچھے الفاظ کے ساتھ اس کی مدد کریں اور اس کا غصہ کم کریں۔

کئی بار ایسا ہوتا ہے آدمی کے پاس وہ سب کچھ بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہوتے جو اس کے دل میں ہوتا ہے (فوٹو: پگزلز)

ایسا کرنے کے دونوں اشخاص کے درمیان اچھا مکالمہ شروع ہو جائے گا اور غلط فہمیاں بھی دور ہو جائیں گی۔

مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہوں

زندگی میں جس قدر بھی مصروفیات ہوں، یہ ممکن نہیں کہ آپ اپنے محبوب شخص کے ساتھ خصوصی لگاؤ رکھتے ہیں تو اسے اکیلا چھوڑ دیں۔ اپنے پیاروں کے ساتھ جہاں خوشگوار لمحات گزارے جاتے ہیں وہیں مشکل اوقات میں بھی ان کے ساتھ کھڑے رہنا ہوتا ہے۔ یہ محبت کا عملی اظہار ہے۔

وقت مخصوص کریں

مسلسل مصروفیات تمام طرح کے تعلقات کی قینچی ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ گاہے بگاہے ملتے رہیں، چاہے یہ ملاقات شاپنگ کی صورت میں ہو یا ایک ساتھ بیٹھ کر کافی پینے کی غرض سے۔ اس لیے کہ اصل مقصد یہ جاننا ہے کہ اس کے لیے کیا اہم ہے اور اسے پسند کیا ہے۔
اگر آپ اپنی مصروفیات میں سے وقت نکال کر اپنے پیارے کے ساتھ بیٹھیں گے تو اسے یقین ہو گا کہ آپ کے لیے وہ کتنا خاص ہے۔

اخلاقی مدد کریں

تعلقات میں ایک اہم چیز یہ ہے کہ آپ اپنے پیارے کا حوصلہ بڑھائیں۔ اس کی شخصیت کے مثبت پہلوؤں پر بات کریں اور اسے احساس دلائیں کہ اس کی کون کون سی صلاحیتیں آپ کے لیے اہم ہیں۔ آپ کو اپنے محبوب کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنا چاہیے تاکہ وہ زندگی کے سفر میں ہمت سے آگے بڑھتا رہے۔
اس طرح نہ صرف محبوب میں خوداعتمادی پیدا ہو گی بلکہ آپ کا تعلق بھی خوب صورت احساسات سے ہمکنار ہو گا۔

غلطیوں سے درگزر کریں

کوئی بھی غلطیوں سے مبرا نہیں ہے۔ حتی الامکان کوشش کرنی چاہیے کہ جس سے آپ محبت کرتے ہیں، اس کی غلطیوں سے صرفِ نظر کریں۔ اس کے لیے قربانی کے جذبے کی ضرورت ہوتی ہے۔

تعلقات میں ایک اہم چیز یہ ہے کہ آپ اپنے پیارے کا حوصلہ بڑھائیں (فوٹو: پگزلز)

ہر طرح کے تعلقات میں جانبین سے اونچ نیچ ہو جایا کرتی ہے۔ اس لیے ایسے اوقات میں غصے کی بجائے مثبت باتوں کا ذکر کرنا چاہیے۔

اچھے الفاظ کا استعمال

کبھی کبھی آپ کو اپنے محبوب کے لیے میٹھے بول سے بھی کام لینا ہوتا ہے۔ آپ کی خوبصورت جملوں کے ذریعے تعریف کریں۔ اس سے آپ کے درمیان قائم تعلق کا حسن دوبالا ہو جائے گا۔ اگر اس کا شکریہ ادا کرنا ہو تو کہ شاندار الفاظ اکا انتخاب کریں۔ مثال کے طور پر آپ کہہ سکتے ہیں کہ ‘مجھے آپ پر فخر ہے‘ ، ’یہ سب میری زندگی میں تمہاری وجہ سے ہے‘ وغیرہ وغیرہ۔

تحائف کا تبادلہ

لوگوں کے درمیان محبت کے اظہار کا ایک خوب صورت طریقہ تحفوں کا تبادلہ ہے۔ تحفہ صرف اپنی مادی اہمیت نہیں رکھتا بلکہ اس کا ایک خاص مقام ہوتا ہے۔ کوشش کریں کہ اپنے محبوب کی پسند کو سامنے رکھتے ہوئے اسے ایسی چیز تحفے میں دیں جس کی اسے واقعی ضرورت بھی ہے۔
یاد رکھیں! چھوٹے چھوٹے تحائف کا تبادلہ رومانوی تعلقات کے لطف جو دوبالا کر دیتا ہے۔

صحت کا خیال

ایک دوسرے کا خیال رکھنا محبت کی غذا ہے۔ اپنے محبوب کی صحت کے حوالے سے فکر مند ہونا اور اسے اچھے مشورے دینا محبت میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔ اگر آپ اس میں کوئی ایسی عادت دیکھیں جو صحت کے لیے مضر ہے تو اسے پیار سے سمجھائیں۔ ورزش وغیرہ کے لیے اس کی حوصلہ افزائی کریں۔
اگر کبھی وہ بیمار پڑ جائے تو اس کا حوصلہ بڑھائیں۔ محبت کے یہ چھوٹے چھوٹے اظہار بہت اہمیت رکھتے ہیں۔

اپنے پیاروں کو احترام دیں

جس شخص کو آپ چاہتے ہیں اسے سراہنے کے ساتھ احترام دینا بھی بہت ضروری ہے۔ اس کی کسی کوشش کو کمتر خیال نہ کریں۔ اس کے سامنے بھی اس کی تحسین کریں اور ہر اس کام کی تعریف کریں جو اس نے آپ کے لیے کیا ہو۔
اپنے تعلقات کو خوشگوار اور مضبوط رکھنے کے لیے ایک دوسرے کو خالص وقت دینا بہت ضروری ہے۔

شیئر: