عرب خطے کے معروف فیشن برانڈز کی منفرد رمضان کلیکشنز
سعودی عرب، مراکش و لبنان کی فیشن برانڈ دستکاری کے منفرد انداز پیش کرتے ہیں۔ فوٹو انسٹاگرام
رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی عرب خطے کے معروف فیشن برانڈز نے اپنی تازہ ترین منفرد کلیکشنز متعارف کرائی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق کڑھائی شدہ فستان سے لے کر دیدہ زیب عبایاؤں اور نمایاں زیورات کی یہ کلیکشنز دن کی محفلوں اور شام کی تقریبات کے لیے متنوع آپشنز فراہم کرتی ہیں۔
سعودی عرب، مراکش اور لبنان کی دستکاری پر مبنی متعدد برانڈ رمضان سیزن میں باوقار فیشن کا نہایت منفرد انداز پیش کرتے ہیں۔
امارہ

سعودی فیشن برانڈ ’امارہ‘ کی رمضان کلیکشن میں منفرد عبایے اور علاقائی و روایتی لباس ’کفتان‘ کے علاوہ زیورات بھی موجود ہیں جو اس مہینے میں آپ کے باوقار انداز کو مزید خوبصورت بنا سکتے ہیں۔
امارہ برانڈ کی نیلے اور سبز موتیوں سے سجی سنہری چاند نما بالیاں خاص ڈیزائن کردہ لباس کے ساتھ شخصیت میں خوبصورت اضافہ کریں گی۔
برانڈ کا نمایاں ڈیزائن گہرے سبز مخملی لباس پر مشتمل ہے جس پر خاص قسم کی کڑھائی ہے اس کے علاوہ شاندار ٹوپی کے ساتھ جدید ڈیزائن کی سکرٹ پیش کی گئی ہے۔
DAL

سعودی فیشن برانڈ DAL کی رمضان کلیکشن مختلف اقسام کے کپڑے اور رنگوں پر مشتمل ہے، اس کلکشن میں رافیا کالر کڑھائی کے ساتھ آرگنزا اور سینڈ ساٹن شامل کی گئی ہے۔
خاکی رنگوں پر مشتمل ملبوسات میں کروشیا اور ہاتھ کی کڑھائی کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ کلیکشن روایتی طریقوں اور جدید طرز کے امتزاج کا اظہار کرتی ہے جس میں خوبصورت انداز اور کاریگری نمایاں ہے۔
ایل این فیملی

دبئی میں قائم معروف فیشن برانڈ ایل این فیملی نے اپنی پہلی رمضان کلیکشن متعارف کرائی ہے، جس میں چار عبائے شامل ہیں جو کلاسک رنگوں میں دستیاب ہیں۔
عبائیہ کے ڈیزائنوں میں ساٹن، کریپ اور شیئر فیبرک کے ساتھ دیدہ زیب انداز نمایاں کئے گئے ہیں۔
خاکی رنگوں کے علاوہ کالے رنگ کی عبایہ کی یہ کلیکشن روایتی ثقافت اور جدید پہناوے میں توازن قائم کرتی ہے۔
اشالیہ

اشالیہ فیشن برانڈ کی رمضان کلیکشن میں مشرقی دستکاری کو یورپی اثرات کے ساتھ جوڑ کر ادارے کی تخلیقی ڈائریکٹر اشیما رزاق نے ڈیزائن کی ہے۔
اس کلیکشن میں ہاتھ سے کڑھائی شدہ ریشم اور ساٹن کی عبایے شامل ہیں، جو نفیس نقش و نگار سے مزین ہیں۔
سیاہ اور سبز رنگوں پر مشتمل یہ کلیکشن اشیما رزاق کی ثقافتی وراثت پر مرکوز انداز کی عکاسی کرتی ہے۔
اورینٹ 499

اورینٹ 499 کی کلیکشن مشہور کتاب ’الف لیلہ و لیلہ‘ سے متاثر نظر آتی ہے۔ اس کی رمضان میں کفتان، عبایائیں اور جلابیے نفیس ہاتھ کی کڑھائی، ریشمی بروکیڈ اور سنہری رنگوں سے مزین ہیں۔
مردوں کی کلیکشن میں کڑھائی شدہ لباس، فٹڈ جیکٹ اور لینن کی آرام دہ شرٹس شامل ہیں جن پر روایتی نقش و نگاری اور دستکاری کے نمونے پیش کئے گئے ہیں۔
سلمیٰ بن عمر

سلمیٰ بن عمر فیش ڈیزائنر کی رمضان کلیکشن ان کے مراکشی ورثے سے متاثر ہے ، ان کی کلیکشن میں جدید کفتان اور جھلملاتے ہوئے گاؤن شامل ہیں جو ریشم، شیفون، مخمل اور آرگنزا سے تیار کیے گئے ہیں۔
گاؤن پر ہاتھ سے کی گئی کڑھائی، موتیوں کا کام اور سنہری دھاگوں کی خوبصورت کشیدہ کاری نمایاں ہے۔
کلیکشن کے رنگ اور ڈیزائن صبح و شام کی محفلوں دونوں کے لیے موزوں ہیں۔
دیما عیاد

لبنانی فیشن ڈیزائنر دیما عیاد کی کلیکشن میں ان کے مخصوص انداز کو خاص رنگوں اور جھلملاتے کپڑے کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
رمضان کلیکشن میں رکھے گئے کفتان مختلف مواقع کے لیے موزوں ہیں اور خاص قسم کے روایتی لباس میں خوبصورت نمونے کے پھولوں کی کڑھائی کے ساتھ چمکدار سیکوئنز کا استعمال کیا گیا ہے۔
