Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کالر سے پکڑا اور گِرا دیا،‘ شہزادہ ہیری کا بڑے بھائی پر ’حملے‘ کا الزام

شہزادہ ہیری نے لکھا کہ ’ولیم افسردہ اور معذرت خواہ نظر آئے‘ (فوٹو: اے ایف پی)
برطانوی شہزادہ ہیری نے اپنی نئی کتاب میں انکشاف کیا ہے کہ کس طرح اُن کے بڑے بھائی شہزادہ ولیم نے 2019 میں بحث کے دوران ان پر ’حملہ‘ کیا تھا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے برطانوی اخبار گارڈین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کی تفصیلات کا ذکر شہزادہ ہیری نے اپنی سوانح عمری ’سپیئر‘ میں کیا ہے جو رواں ماہ 10 جنوری کو جاری کی جائے گی۔
38 سالہ ہیری لکھتے ہیں کہ ’لندن کے اپنے گھر کے باورچی خانے میں اختلاف رائے کے دوران ولیم نے اُن کی اہلیہ میگھن مارکل کو ’مشکل اور بدتمیز کہا۔ بحث و تکرار بڑھنے کے بعد انہوں نے شہزادہ ہیری کو فرش پر گرا دیا۔‘
گارڈین نے ہیری کی کتاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’انہوں (شہزادہ ولیم) نے مجھے کالر سے پکڑا، اور فرش پر گرا دیا۔ میں کتّے کے پیالے کے اوپر گِر گیا جو میری کمر کے دباؤ سے ٹوٹ گیا اور مجھے اس کے ٹکڑے چُبھے۔‘
شہزادہ ہیری نے پھر اپنے بڑے بھائی کو وہاں سے جانے کو کہا۔ اخبار کے مطابق ہیری نے اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’ولیم افسردہ اور معذرت خواہ نظر آئے۔‘
گارڈین نے اس سارے واقعے کو کچھ یوں بیان کیا ہے کہ ’ولیم واپس آئے اور کہا کہ آپ کو میگھن کو اس بارے میں بتانے کی ضرورت نہیں ہے۔‘
’تمہارا مطلب ہے کہ جو تم نے مجھ پر حملہ کیا؟‘

شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ اعلیٰ شاہی حیثیت سے دستبردار ہو چکے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ولیم نے جواب دیا کہ ’میں نے تم پر حملہ نہیں کیا۔‘
شہزادہ ہیری ایک حالیہ ٹی وی انٹرویو میں کہہ چکے ہیں کہ وہ اپنے والد اور بھائی کو واپس چاہتے ہیں اور ایک خاندان چاہتے ہیں ایک ادارہ نہیں۔
شہزادہ ہیری کا برطانیہ کے آئی ٹی وی چینل کے ساتھ انٹرویو اتوار کو نشر ہو گا۔
پیر کو جاری ہونے والے ویڈیو کلپس میں پرنس ہیری کو یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ ’وہ ایسا محسوس کرتے ہیں جیسے کسی طرح ہمیں ولن کے طور پر رکھنا ہی بہتر ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے مفاہمت کے لیے قطعی رضامندی ظاہر نہیں کی۔
ان کلپس میں یہ واضح نہیں کہ وہ کس کا ذکر کر رہے ہیں۔
شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ نے 2020 میں اعلان کیا تھا کہ وہ اعلیٰ شاہی حیثیت سے دستبردار ہو رہے ہیں اور اب مالی طور پر خود مختار ہونے کے لیے کام کریں گے۔

شیئر: