Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ثانیہ مرزا کا ’دبئی ٹینس چیمپیئن شپ‘ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان

ثانیہ مرزا کے مطابق انجری کے باعث ریٹائرمنٹ کا پلان تاخیر کا شکار ہوا (فوٹو: اے ایف پی)
ٹینس کی سابق ڈبلز نمبر ون ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ وہ اگلے مہینے ہونے والی دبئی ٹینس چیمپیئن شپ کے بعد وہ ٹینس کو خیرباد کہہ دیں گی۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹر کے مطابق ثانیہ مرزا نے کہا کہ انہوں نے 2022 ریٹائر ہونے کی مںصوبہ بندی کی تھی تاہم انجری کے باعث تاخیر کا شکار ہو گئی۔
انڈیا سے تعلق رکھنے والی ٹینس سٹار نے چھ گرینڈ سلیم ڈبلز ٹائٹل جیتے ہیں اور اس ماہ وہ آسٹریلین اوپن کے فائنل میں حصہ لیں گی۔ انہوں نے یہیں پر ہی 2016 میں ویمن ڈبلز کا ٹائٹل جیتا تھا۔
ثانیہ مرزا نے ویمن ٹینس ایسوسی ایشن کی ویب سائٹ کو بتایا کہ ’میں ڈبلیو ٹی اے کے فائنلز کے بعد ریٹائر الگ ہونا چاہتی تھی کیونکہ ہم فائنل تک پہچنے والے تھے مگر پھر انجری بیچ میں آ گئی اور یو ایس اوپن سمیت دیگر مقابلوں میں شرکت نہ کر پائی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں اپنی مرضی کے مطابق کام کرتی ہوں، میں نہیں چاہتی تھی کہ انجری کی وجہ سے میرا کیریئر ختم ہو، اس لیے میں نے ٹریننگ جاری رکھی۔‘
انہوں نے اپنا پلان بتاتے ہوئے کہا کہ ’ڈبلیو ٹی اے کھیلنے کی کوشش کروں اور دبئی کی چیمپیئن شپ کے بعد ریٹائر ہو جاؤں گی۔‘
ثانیہ مرزا ٹینس کے میدان میں کئی قابل ذکر کامیابیاں اپنے نام کر چکی ہیں اور آسٹریلین اوپن کے ڈبلز میں وہ قازقستان سے تعلق رکھنے اینا ڈیلینا کے ساتھ شرکت کریں گی۔
 ثانیہ مرزا ایشین اور کامن ویلتھ گیمز میں اہم مقابلے جیت چکی ہیں۔ 2010 میں دہلی میں ہونے والی کامن ویلتھ گیمز میں انہوں نے ڈبلز میں کانسی جبکہ سنگلز میں چاندی کا میڈل جیتا تھا۔
ایشین گیمز میں انہوں نے مجموعی طور پر سات میڈلز حاصل کر رکھے ہیں۔
ثانیہ مرزا اس وقت انڈیا کی پہلی خاتون ٹینس کھلاڑی بنیں جب انہوں نے 2005 میں اپنے شہر حیدر آباد میں ڈبلیو ٹی اے سنگلز کا ٹائٹل جیتا۔ اس کے بعد وہ 2007 تک عالمی رینکنگ میں شامل رہیں اور ان کا نمبر 27 واں رہا۔

شیئر: