Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا پاکستان میں ٹیک ہاؤس قائم کرنے کا اعلان

پرنس فہد بن منصور السعود نے لاہور میں جاری فیوچر فیسٹ سے ورچوئل خطاب بھی کیا
سعودی عرب کے شہزادہ فہد بن منصور السعود نے پاکستان میں سعودی پاکستان ٹیکنالوجی ہاؤس قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا ہیڈ کوارٹر ریاض میں ہو گا جبکہ پہلی شاخ لاہور میں کھولی جائے گی۔
لاہور میں جاری فیوچر فیسٹ 2023 سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے پرنس فہد بن منصور السعود نے کہا کہ سعودی پاکستان ٹیک ہاؤس کے قیام کا مقصد اس شعبے سے وابستہ افراد کے لیے آسانی پیدا کرنا اور شعبے کو فروغ دینا ہے۔
پرنس فہد بن منصور السعود اس بڑی ٹیک کمپنی کے شریک بانی ہیں جس کو 2009 میں ایک پاکستانی سلمان ناصر نے شروع کیا تھا اور یہ پاکستان و سعودی عرب کے درمیان ڈیجیٹل تعاون کے حوالے سے ایک اہم علامت ہے۔
شہزادہ فہد بن منصور السعود کا کہنا تھا کہ ’میرے لیے یہ باعث فخر ہے کہ ایک ایسی گیدرنگ کا حصہ بن رہا ہوں جس میں آئی ٹی انڈسٹری کے ماہرین موجود ہیں۔ میں نے پاکستان کا سفر پانچ سال قبل شروع کیا تھا جب لاہور میں ایک آئی ٹی کمپنی قائم کرنے امکانات دریافت کرنے کے لیے نکلا تھا۔‘

300 سے زائد منصوبوں کے اعلان سے سے ملازمت کے ہزاروں مواقع بھی پیدا ہوں گے

’آئی ٹی سمیت دوسرے شعبوں کے حوالے سے بھی پاکستان میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے یہاں تکنیکی وسائل، کوالٹی انشورنس اور صارفین کے تجربات کے حوالے سے اچھا کام کرنے والے موجود ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے خوشی ہے کہ فیوچر فیسٹ 2023 کے موقع پر سعودی عرب کے وفد کو پاکستانی کمپنیز اور بڑے سٹیک ہولڈرز سے ملنے کا موقع ملے گا، جس سے سرمایہ کاری، شراکت داری اور ٹیلنٹڈ افراد کو آگے آنے کا موقع بھی ملے گا۔‘
شہزاہ فہد بن منصور السعود نے چھ جنوری سے شروع ہو کر آٹھ جنوری تک جاری رہنے والے فیسٹیول کے موقع پر اپنے ورچوئل خطاب میں تین سو سے زائد منصوبوں کا اعلان بھی کیا جن سے پاکستانی، سعودی عرب اور نیا بھر میں ایک ہزار سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

لاہور میں جاری فیوچر فیسٹ میں 30 سے زائد ممالک سے شعبہ آئی ٹی سے وابستہ افراد شرکت کر رہے ہیں

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے اور لاہور میں آئی ٹی کمپنی کے قیام کا سفر پانچ سال قبل شروع کیا گیا تھا۔‘
اس تین روزہ فیسٹ میں 50 ہزار سے زائد افراد، 200 سے زائد نمائش کنندان، نیا کاروبار کرنے والے 500 افراد اور 30 سے زائد ملکوں سے 300 بین الاقوامی سپیکرز شرکت کر رہے ہیں۔

شیئر: